تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے، دشمن کے ہاتھوں شہید ہرفردکا بدلہ لیں گے، نومنتخب ایرانی سپریم لیڈرکا پہلا پیغام

نومنتخب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا منتخب ہونے کے بعد پہلا پیغام سامنے آگیا۔

اپنے آڈیو پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبنائےہرمزبند رہےگی۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ میرا عہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضہ کررہا ہے، عوام نے دنیا کو دکھایا کہ ایرانی عظیم قوم ہیں، عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں۔آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے خدا کی راہ میں 60 برس سے زیادہ جدوجہد کی، ہر طرح کی آسائشوں اور آرام کو قربان کیا اور یوں وہ نہ صرف موجودہ دور میں بلکہ اس سرزمین کے حکمرانوں کی پوری تاریخ میں ایک درخشاں گوہر اور نمایاں شخصیت بن گئے، وہ استقامت کا ایک پہاڑ تھے، ایسے شخص کے بعد قیادت سنبھالنا یقیناً ایک بہت بڑا اور دشوار کام ہے، اس خلا کو پُرکرنا صرف اللہ تعالیٰ کی مدد اور آپ عوام کی حمایت سے ہی ممکن ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات میں ایرانی قوم کی بصیرت اور ذہانت اور اس کی ثابت قدمی، جرات اور میدان میں موجودگی نے دوستوں کو متاثر اور دشمن کو حیران کر دیا۔ میں اپنے بہادر مجاہدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی کاری ضربوں سے دشمن کا راستہ روک دیا اور اسے اس غلط فہمی سے دستبردار ہونے پر مجبور کر دیا کہ وہ ہمارے عزیز وطن پر تسلط قائم کرسکتا ہے یا اسے تقسیم کرسکتا ہے۔ عوام کی خواہش یہی ہےکہ مؤثر اور دشمن کو پشیمان کرنے والا دفاع جاری رکھا جائے۔ اسی طرح آبنائے ہرمز کو بندکرنےکا اختیار بھی یقیناً استعمال ہوتا رہنا چاہیے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہےہیں، ہمیں اپنے دشمن کو شکست دینی ہے۔شہدا کے خون کے بدلےکے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے، ایرانی عوام کا اتحادہ ہمیشہ قائم رہےگا، اللہ تعالیٰ قوم کی رہنمائی کرنے میں میرے مدد فرمائے۔ دشمن کے خلاف دیگر محاذ کھولنےکے بارے میں بھی تحقیق کی گئی ہے، جہاں دشمن کا تجربہ کم ہے اور وہ شدید کمزوری کا شکار ہو سکتا ہے، اگر جنگ کی حالت جاری رہی تو حالات اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان محاذوں کو فعال کیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کے شہداء کے خون کا بدلہ لینے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے، قوم کا ہر فرد جو دشمن کے ہاتھوں شہید ہوا اس کا بدلہ لیں گے اور جب تک بدلےکا مکمل حق ادا نہیں ہو جاتا یہ معاملہ تمام دیگر معاملات پر مقدم رہے گا، ہم اپنے بچوں کے بارے میں خصوصی حساس ہیں، اسی لیے دشمن نے جو جرم میناب میں شجرۂ طیّبہ اسکول کے خلاف کیا اس کا بھی بدلہ لیں گے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہماری زمینی اور سمندری سرحدیں 15 ممالک کے ساتھ ملتی ہیں اور ہم ہمیشہ ان سب کے ساتھ گرمجوش اور تعمیری تعلقات رکھنے کے خواہاں رہے ہیں۔حالیہ جارحیت میں کچھ فوجی اڈے استعمال کیے گئے جیسا کہ ہم پہلے واضح طور پر خبردار کر چکے تھے اور ہم نے صرف انہی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جو دشمن کے زیر استعمال تھے اور آئندہ بھی ہمیں یہی طریقہ جاری رکھنا پڑے گا۔ان ممالک کو چاہیے کہ وہ ہمارے عزیز وطن پر حملہ کرنے والوں اور ہمارے عوام کے قاتلوں کے بارے میں اپنا واضح مؤقف بیان کریں، میں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ جلد از جلد ان فوجی اڈوں کو بند کر دیں کیونکہ اب تک انہیں اندازہ ہو جانا چاہیے کہ امریکا کا امن اور سلامتی قائم کرنے کا دعویٰ محض ایک جھوٹ تھا۔

انہوں نےکہا کہ میں دوبارہ واضح کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ کا نظام خطے میں غلبہ یا نوآبادیاتی تسلط قائم کرنا نہیں چاہتا بلکہ وہ اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اتحاد، گرمجوشی اور مخلصانہ تعلقات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے

جواب دیں

Back to top button