
لاہور (۔محمد اخلاق اسلم )پاکستان کے مایہ ناز اور ناقابلِ شکست باکسر عثمان وزیر 28 فروری 2026 کو ایک بار پھر بین الاقوامی رنگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، جہاں ان کا مقابلہ بنکاک کے ورلڈ سیام اسٹیڈیم میں منعقدہ ‘گلوبل فائٹ نائٹ’ میں بھارت کے بلجیت سنگھ سے ہوگا۔
عثمان وزیر اب تک 17 پروفیشنل مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہے ہیں، جن میں سے 12 مقابلوں میں انہوں نے حریف کو ناک آؤٹ کیا۔ اپنی 18ویں فائٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر نے کہا کہ "میں اس سے قبل دو بھارتی باکسرز کو ناک آؤٹ کر چکا ہوں اور اس بار بھی ایک بہترین کارکردگی کے لیے مکمل تیار اور پرجوش ہوں۔ میرا ہدف اپنی ناقابلِ شکست رہنے کی روایت کو برقرار رکھنا اور اوپن ورلڈ ٹائٹل کی جانب قدم بڑھانا ہے۔”
عثمان وزیر اپنی کم عمری کے باوجود ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ، ڈبلیو بی اے ایشیا، ڈبلیو بی سی سلور اور ڈبلیو بی او ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیسے بڑے اعزازات جیت چکے ہیں۔ ان کی کھیلوں میں شاندار خدمات اور ملک کا نام روشن کرنے پر حکومتِ پاکستان انہیں ‘تمغہ امتیاز’ سے بھی نواز چکی ہے۔
ان دنوں عثمان وزیر کراچی میں سابق باکسر علی بخش کی زیرِ نگرانی سخت تربیتی کیمپ میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ علی بخش کی رہنمائی میں ان کی تکنیکی اور جسمانی تیاریوں میں بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اپنے اسپانسر ‘ACTIVIT’ اور اس کے سی ای او رضوان آفتاب احمد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مالی، طبی اور غذائی ضروریات کے حوالے سے ان کی بھرپور معاونت کی۔
باکسنگ کے ساتھ ساتھ عثمان وزیر اپنی ‘UW باکس اکیڈمی’ کے ذریعے ملک بھر کے 7 نوجوان باکسرز کی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "پروفیشنل باکسنگ پاکستان میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اگر حکومت ہمیں قومی سطح پر نوجوان ٹیلنٹ تیار کرنے کی ذمہ داری دے تو ہم اس مقصد کے لیے تیار ہیں۔”
عثمان وزیر کا خواب ہے کہ وہ دنیا کے باکسنگ کیپٹل ‘لاس ویگاس’ میں پاکستان کی نمائندگی کریں، تاہم ان کا حتمی مقصد پاکستان کے لیے پہلا ‘اوپن ورلڈ ٹائٹل’ جیتنا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ "میری تمام تر محنت اور قربانیوں کا مقصد پروفیشنل باکسنگ کی بلند ترین سطح پر پاکستان کا پرچم لہرانا ہے۔”







