
برطانوی شہر نوٹنگھم سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ کاروباری خاتون صوفی ڈاؤننگ ایک لمحے کے لیے دنیا کی سب سے امیر خاتون بن گئیں، جب ان کے گفٹ کارڈ پر 63 یورو کوادرلین (63 کے بعد 15 صفر) ظاہر ہوئے۔
یہ رقم ایلون مسک کی دولت سے تقریباً 100000 گنا زیادہ اور عالمی معیشت سے 670 گنا زیادہ ہے۔
بی بی سی کے مطابق صوفی ڈاؤننگ کو کرسمس پر کافی شاپ کے لیے 10 یورو (تقریباً 14ڈالرز) کا گفٹ کارڈ تحفے میں دیا گیا تھا، جب انہوں نے اس سے ماچا لاٹے خریدی، تو رسید پر باقی رقم 63 یورو کوادرلین دکھائی گئی
بعد میں کافی شاپ نے بتایا کہ یہ سب انتظامی غلطی کی وجہ سے ہوا ہے، گفٹ کارڈ نمبر غلطی سے کارڈ کی قیمت کی جگہ ٹِیل میں درج کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے رسید پر غیر حقیقی رقم ظاہر ہوئی۔
کافی شاپ کے ترجمان نے کہا کہ گاہک کو وہی رقم چارج کی گئی جو اسے چارج کرنی تھی اور خریداری کے بعد گفٹ کارڈ پر صحیح رقم موجود تھی، رسید میں صرف غلط رقم دکھائی گئی تھی، بعد میں گاہک کو درست رسید دی گئی۔







