Column

ہر میدان میں نااہلی۔۔۔۔ خدا خیر کرے

تھرڈ امپائر
ہر میدان میں نااہلی۔۔۔۔ خدا خیر کرے
تحریر: محمد ناصر شریف
ہمارے معاشرے کی صورتحال نہایت قابل افسوس ہے۔ ہر میدان میں نا اہل و ناکارہ اور چاپلوس قسم کے افراد دندناتے پھر رہے ہیں۔ کہیں اقرباء پروری اپنا اثر دکھا رہی ہے تو کہیں نفاق اور چاپلوسی کے معجزات ذی استعداد اور حق دار افراد کو اژدھے کی طرح بے رحمی سے نگل رہے ہیں۔
معرکہ حق کے بعد بھارت سے کسی بھی میدان میں شکست کا تصور ہی محال ہے لیکن گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں عبرتناک شکست نے قوم کو سکتے میں پہنچا دیا اور قوم شدید مایوسی کا شکار تھی تو حکومت نے اس مایوسی سے قوم کو نکالنے کے لیے فوراً ہی رمضان سے قبل عوام کو ملنے والے اس صدمے سے ریلیف پہنچانے کے لیے پٹرول کی قیمت میں 5روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 7روپے 32پیسے فی لٹر کا اضافہ کر دیا ۔ باقی تو رمضان کی آمد کے حوالے مزید خوشخبریاں پائپ لائن میں ہیں اور عوام یقینا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شکست کو بھول جائیں گی۔
اب آتے ہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور بھارت کے ساتھ کرکٹ کے میدان کی جانب تو پاکستانی ٹیم کو بھارت سے 4ماہ میں چوتھی شکست ہوئی ہے۔ وائٹ بال فارمیٹ میں قومی ٹیم روایتی حریف سے 16میں سے 13میچ ہار کر کارہائے نمایاں انجام دے چکی ہے۔ یہ بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان کے خلاف مسلسل آٹھویں فتح ہے۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد قومی ٹیم نے روایتی حریف کے خلاف آخری میچ 4ستمبر2022ء کو دبئی میں جیتا۔ اتوار کو کولمبو میں ہونے والے میچ کی کارکردگی پر نظر ڈالیں دلچسپ پہلو یہ تھا کہ پاکستان کے چار بائولروں سلمان آغا، عثمان طارق، محمد نواز اور صائم ایوب نے 14اوورز میں مجموعی طور پر87رنز دیئے جبکہ تین بائولروں شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور شاداب خان نے 6اوورزمیں 86رنز دے ڈالے، جو پاکستان کی شکست کا سبب بنے۔ فہیم اشرف کو کپتان نے مسلسل تیسرے میچ میں بائولنگ نہیں دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم حالیہ برسوں میں بھارت کے خلاف وائٹ بال فارمیٹ میں بدترین کارکردگی دکھاکر مسلسل شکستوں سے دوچار ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کا سفر اگلے میچ میں جیت پر منحصر ہوگیا۔ پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 61رنز کی بھاری شکست نے پوائنٹس ٹیبل پر دبائو میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ 0.932سے گر کر منفی 0.403ہو گیا، وہ امریکہ سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ امریکہ چار میچز میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث مضبوط پوزیشن میں ہے۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ بدھ کو ( آج ) نمیبیا کے خلاف کھیلے گا، جہاں کسی بھی اَپ سیٹ کی صورت میں قومی ٹیم کا سپر ایٹ مرحلے تک پہنچنا ناممکن ہو سکتا ہے۔ یوں اب پاکستان کو نہ صرف فتح بلکہ دیگر میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہی غیر متوقع مزاج ہے کہ ایک دو نتائج پورے منظر نامے کو بدل دیتے ہیں، اور اب ہر میچ نہ صرف دو پوائنٹس بلکہ پورے ایونٹ کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button