
*دبئی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس: حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا*
لاہور: قومی ہیرو حیدر علی نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری کے ڈسکس تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ایک بار پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
حیدر علی نے 54.71 میٹر کی شاندار تھرو پھینک کر پوڈیم پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس عالمی مقابلے میں بھارت سمیت 54 ممالک کے نامور ایتھلیٹس شریک تھے، جنہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے حیدر علی نے سبز ہلالی پرچم کی بلندی کو یقینی بنایا۔
دبئی سے گفتگو کرتے ہوئے حیدر علی نے جذباتی انداز میں اپنی کامیابی کو سخت محنت اور اللہ تعالیٰ کے فضل کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "میں نے اس چیمپئن شپ کے لیے انتھک محنت کی تھی اور میں رب العزت کا شکر گزار ہوں کہ میری کوششیں رنگ لائیں اور متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر پاکستان کا جھنڈا سب سے بلند ہوا۔ میں اللہ تعالیٰ اور اپنی پوری قوم کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں کے صدقے میری لگن کو سونے کے تمغے کا صلہ ملا۔”







