
بھارت کے نامور اداکار رجنی کانت نے صفائی کرنے والی خاتون کو اس کی ایمانداری پر سونے کی چین کا تحفہ دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ چنئی میں ایک مندر کے قریب سڑک کی صفائی کے دوران پدما نامی ایک خاکروب خاتون کو طلائی زیوارت سے بھرا ایک بیگ ملا جسے اس نے اٹھا کر پولیس کے حوالے کر دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے زیوارت کے مالک کو ڈھونڈ کر اسے بیگ واپس کر دیا، صفائی کرنے والی خاتون پدما کی ایمانداری پر ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے اسے ایک لاکھ بھارتی روپےکا انعام بھی دیا گیا۔
پدما کی ایمانداری خبروں کی بھی زینت بنی جس سے متاثر ہو کر ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت نے پدما سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور خاتون کی ایمانداری پر اسے سونے کی چین کا تحفہ دیا۔







