تازہ ترینخبریںسپورٹسپاکستان

پاکستان نے آسٹریلیا کو عبرتناک شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا

*پاکستان نے آسٹریلیا کو عبرتناک شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش مکمل کر لیا*

لاہور: پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں یادگار وائٹ واش مکمل کر لیا اور ہوم کنڈیشنز میں اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کر دی۔

لاہور کے تاریخی میدان میں 32 ہزار سے زائد شائقین کرکٹ نے میچ دیکھا اور زبردست ماحول پیدا کیا۔ شائقین نے نہ صرف پاکستانی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی بلکہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس دوران عالمی مقابلوں کے حوالے سے جوش و خروش سے بھرپور نعرے بھی لگائے گئے۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا، جس میں ٹاپ اور مڈل آرڈر بیٹرز نے نمایاں کردار ادا کیا۔ نوجوان اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 56 رنز بنائے، جس میں چھ چوکے اور دو شاندار چھکے شامل تھے۔ فخر زمان نے سات گیندوں پر 10 رنز بنا کر ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا جبکہ کپتان سلمان آغا مختصر اننگز کھیل سکے۔

سابق کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے اور مڈل اوورز میں اننگز کو استحکام فراہم کیا۔ خواجہ نفیع نے صرف 12 گیندوں پر 21 قیمتی رنز اسکور کیے جبکہ نائب کپتان شاداب خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ فہیم اشرف نے آخری اوورز میں تیز رفتار 10 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 200 سے تجاوز کرا دیا۔

آسٹریلیا کے بولرز پاکستانی بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے۔ بین ڈوارشئیس نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ میتھیو کوہنیمین، کیمرون گرین، میتھیو شارٹ اور کوپر کونولی ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

208 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث مہمان ٹیم سنبھل نہ سکی اور مچل مارش، میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا جلد پویلین لوٹ گئے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے دو اہم ابتدائی وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا، تاہم آل راؤنڈر محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 18 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ ابرار احمد اور نسیم شاہ نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کر کے اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلوی ٹیم 16.5 اوورز میں صرف 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کیمرون گرین (22) اور مارکس اسٹوئنس (23) نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

جواب دیں

Back to top button