
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے بیٹے جنید صفدر کی شادی میں اہلیہ و وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ تصاویر نہ بنوانے کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال پر دلچسپ جواب دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی جس میں ایک صحافی کو کیپٹن (ر) محمد صفدر سے یہ سوال پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت سارے لوگ یہ سوال اُٹھا رہے ہیں کہ جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کی جو تصاویر منظرِ عام پر آئیں ان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ آپ کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔
اُنہوں نے صحافی کے اس سوال کا مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اگر آپ کا دل چاہتا ہے تو میں ابھی وزیرِاعلیٰ کے پاس جا کر ان کے ساتھ اپنی ایک تصویر بنوا کر آپ کو بھیج دیتا ہوں۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے مزید کہا کہ تصویروں کی بات نہیں ہوتی، دل جڑے رہنے چاہئیں۔
یہ جواب سن کر صحافی نے ان سے ہنستے ہوئے پوچھا کہ دل کتنے جڑے ہوئے ہیں؟
جس پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے بھی ہنستے ہوئے جواب دیا کہ بہت زیادہ جڑے ہوئے ہیں، اتنے کہ اگر یہاں دل دھڑکتا ہے تو پمپنگ وہاں ہوتی ہے اور اگر وہاں پر دل دھڑکتا ہے تو پمپنگ یہاں ہوتی ہے۔







