
بھارتی ریاست گوا کی پولیس نے روسی شہری الیکسی لیونوف کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اپنی دو روسی دوستوں کو بھارت میں قتل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے قتل کی پہلے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی بلکہ یہ اچانک غصہ آنے پر کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں مقتول خواتین کی شناخت ہو چکی ہے، ان میں سے ایک خاتون ڈانسر تھی جس نے ملزم سے کچھ رقم ادھار لی ہوئی تھی جبکہ دوسری خاتون نے بھی ملزم سے رقم لے رکھی تھی۔
رقم کی وقت پر ادائیگی نہ ہونے پر ملزم نے مشتعل ہو کر ایک خاتون کو 14 اور دوسری کو 15 جنوری کو اپنے ذاتی کمرے میں گلا کاٹ کر قتل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ذہنی طور پر غیر مستحکم بتایا جا رہا ہے جو منشیات کے زیر اثر رہتا تھا اور معمولی باتوں پر جلد بھڑک اٹھتا تھا۔ اس کے موبائل فون سے 100 سے زائد خواتین اور دو مردوں کی تصاویر بھی ملی ہیں۔
الیکسی لیونوف کے پاس بھارت کا طویل مدتی ویزا تھا اور وہ مختلف شہروں میں کام بھی کر چکا ہے، وہ گزشتہ ماہ سے بے روزگار اور گوا میں قیام پذیر تھا۔







