تازہ ترینخبریںپاکستان

وزیراعلیٰ ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب کیخلاف الگ الگ تحریک عدم اعتماد جمع

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ، سپیکر اسمبلی محمدسبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کے خلاف پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں الگ الگ تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔ وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لیں، گورنر پنجاب کو بھی خط لکھ دیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کوتحلیل ہونے سے بچانے کے لیے مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے اراکین نے اپنے اتحادیوں سے مشاورت کے بعد صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست میں کہاگیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا ہے اور صوبہ پنجاب کے معاملات آئین کے تابع نہ چلائے جارہے ہیں نیز ملکی صورتحال کے زیر اثر انہوں نے صوبہ پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا ہے لہٰذا یہ ایوان چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

حزب اختلاف نے گورنر پنجاب سے بھی رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے حکم جاری کریں۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جمعہ کے روز پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب، سپیکر صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا مقصد صوبائی اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانا ہے۔

اسمبلی امور کے ماہرین کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ تحریک عدم اعتماد کی درخواستیں سپیکر صوبائی اسمبلی محمد سبطین خان کو بھیجیں گے جو آئین کے مطابق زیادہ سے زیادہ چودہ روزکے اندر اس کا فیصلہ کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button