
لاہور ( میاں عمران ارشد ) آئی جی جیل خانہ پنجاب ملک مبشر احمد خاں سے سیکریٹری سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب محمد حیات لک نے ملاقات کی ہے۔
محکمہ جیل خانہ پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے مابین ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
نشے کے عادی قیدیوں کے لئے پنجاب بھر کی جیلوں میں بحالی سنٹر قائم کیے جائیں گے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے ذریعے نشے کے عادی قیدیوں کی جیل سے رہائی پانے کے بعد بھی معاشرے میں بحالی پر کام کیا جائے گا۔
پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن اور پریزنر ایڈ سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔
ریجنل ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے تحت ہیلتھ ٹیم تشکیل دی جائے گی، جس میں سوشل ویلفیئر آفیسر بھی شامل ہوگا۔
یہ ٹیم ہر ماہ اپنی کارکردگی رپورٹ آئی جی جیل خانہ کو ارسال کرے گی۔
آئی جی جیل خانہ پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا کہنا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے اشتراک سے قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی جس میں قیدی کے ایام اسیری سے لے کر اسکی معاشرے میں بحالی تک کے تمام پہلوؤں پر کام کیا جائے گا۔







