
صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے ارجنٹینا کو فٹ بال کا عالمی چیمپئن بننے پر مبارکباد دی ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ میسی کے گولز شاندار تھے تاہم فرانس نے بھی زبردست کھیلا اور دو بار کم بیک کیا، امباپے کی ہیٹ ٹرک لوگوں کو ہمیشہ یاد رہے گی قطر کو ورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ فائنل میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، انہوں نے میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر قطر کو مبارکباد دی۔ ان کے نزدیک سعودی عرب اور مراکش کے اپ سیٹ ٹورنامنٹ کی نمایاں بات تھی۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیاری، کراچی اور پاکستان کی جانب سے ارجنٹینا کو مبارک ہو۔بلاول بھٹو زرداری نے ارجنٹینا کی جیت پر لیاری میں ہونے والے جشن کی ویڈیو بھی شیئر کردی۔
یاد رہے کہ فرانس کو پنالٹیز پر شکست دے کر ارجنٹینا تیسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔







