
سابق پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ان کی کپتانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
My opinion on @ImRo45 captaincy in Asia cup #GameOnHai pic.twitter.com/dBzVX2Pgfu
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) September 1, 2022
محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انھیں سرکاری ٹی وی کے پروگرام ’ گیم آن ہے‘ کے دوران بھارت کے ہانگ کانگ کے خلاف میچ جیت جانے کے باوجود روہت شرما کی گھبراہٹ پر بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں حفیظ نے روہت شرما کے چہرے کے تاثرات پر توجہ دلائی، جس میں روہت شرما کو ہانگ کانگ سے میچ جیتنے کے باوجود کسی ہارے ہوئے کھلاڑی کی طرح گراؤنڈ میں چلتا دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر روہت کھلاڑیوں سے بددلی سے ہاتھ ملاتے بھی دیکھے گئے ۔ روہت شرما ٹاس کے وقت بھی بہت گھبرائے ہوئے لگ رہے تھے، یہ وہ روہت شرما نہیں تھے جن کی کارکردگی ہم شاندار اننگز میں دیکھ چکے ہیں، میچ 40 رنز سے جیتنے کے باوجود آپ کے تاثرات ایسے تھے۔
حفیظ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں روہت شرما کو کپتانی دباؤ میں لا رہی ہے، ان پر بہت پریشر ہے جس کا وہ سامنا کر رہے ہیں اسی وجہ سے ان کی اپنی کارکردگی پر بھی فرق پڑا ہے۔
سابق قومی کرکٹر کا کہنا تھا اگرچہ روہت بہت کچھ کہہ رہے ہیں لیکن یہ سب ان کی اپنی باڈی لینگویج اور ٹیم کی صورتحال کے خلاف ہے جسے دیکھ کر مجھے لگتا ہے آئندہ روہت کے لیے کپتانی جاری رکھنا مشکل ہو گا۔
روہت بہت زیادہ وقت تک کپتان نہیں رہ سکیں گے کیونکہ اس طرح وہ اپنے ردھم میں نہیں آسکیں گے، روہت بہت کھوئے کھوئے سے رہتے ہیں، انہیں یا ان کے تھنک ٹینک کو چاہیے کہ وہ ان کے لیے بہتر فیصلہ کریں۔







