
مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے شہبازلیگ کی نالائقی اور نا اہلی کو تسلیم کر لیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صرف اشتہاروں میں ہی کام کرسکتا ہے۔ مگر مچھ کے آنسو ن لیگ اور اتحادیوں کی نالائقی، چوری اور نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب وفاقی حکومت کے شریک جرم ہیں۔ قوم ان منافقوں کی اصلیت جان چکی ہے۔وزیراعظم کا چند لمحوں کیلئے سندھ کا دورہ فوٹو سیشن کیلئے تھا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ کے عوام مدد کیلئے پکارتے رہے ,
شہباز اور بلاول کو بیرونی دوروں سے فرصت نہیں تھی۔جب سیلاب تباہی مچا رہا تھا شہباز شریف اور کابینہ کے ارکان بیرون ملک عیاشیاں کررہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ اب بھی پی ڈی ایم حکومت کے اکثر نمائندے بیرون ملک دوروں پر ہیں۔جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے درجنوں بیرون ملک دورے کرچکی ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین وفاقی اور پیپلزپارٹی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں ۔آصف زرداری ارکان اسمبلی خریدنے کیلئے پیسوں کی بوریاں لیکر گھومتا تھا ,سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اسکے پاس پیسہ نہیں۔
انہو ں نے کہا کہ شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے اونٹ کے منہ میں زیرہ جتنی امداد کا اعلان کیا ۔اب تو ن لیگ نے خود یہ بات تسلیم کرلی ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نااہل اور نکمی ہے۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے 5 ارب اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔







