ColumnMoonis Ahmar

‎خود مختاری کا دعویٰ؟ .. پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر

پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر

 

جرأت مند، باہمت اور بصیرت والی ‎قیادت کسی قوم کو آزادانہ طور پر فیصلے کرنے اور ان پر عمل درآمد کے قابل بنانے کے لیے لازمی ہے۔ سیاسی استحکام، متحرک معیشت، جدید انفراسٹرکچر، امن اور زندگی کا اچھا معیار ملک کی خودمختاری میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ ایسی ضروریات کی عدم موجودگی غیر ملکی طاقتوں پر ملک کے انحصار کو بڑھاتی ہے اور اس کی خودمختاری پر سمجھوتہ کرواتی ہے۔‎ پاکستان کی خرابی اس کی کم ہوتی ہوئی خود مختار حیثیت ہے جو اس کی آزاد ملکی، خارجہ اور اقتصادی پالیسیاں بنانے کی صلاحیت کو کم کرتی ہے۔ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان اپنی خودمختاری کا دوبارہ دعویٰ کر سکتا ہے جو کئی دہائیوں سے کم ہو چکی ہے؟ وہ کیا چیز ہے جو پاکستان کے آزادانہ فیصلہ سازی کے عمل میں رکاوٹ ہے؟ متحرک معاشی اور سیاسی ادارے پاکستان کی خودمختاری کو بحال کرنے میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں؟

‎ خودمختاری کیا ہے اور اسے دو دھاری تلوار کیوں کہا جاتا ہے؟Penguin Dictionary of International Relations کے مطابق،
خودمختاری کا مطلب بین الاقوامی تعلقات کا وہ تصور ہے جس کے تحت ریاستیں نہ صرف ایک مخصوص علاقائی ہستی کے اندر حتمی اختیار کا دعویٰ کرتی ہیں بلکہ بین الاقوامی برادری کی رکنیت پر بھی زور دیتی ہیں۔ خودمختاری کے نظریے کا مطلب دوہرا دعویٰ ہے، خارجہ پالیسی میں خود مختاری اور داخلی امور میں خصوصی اہلیت ‎بین الاقوامی تعلقات کے مطابق کلیدی تصورات، جو مارٹن گریفتھس اور ٹیری او کالاگھن کی ایک کتاب ہے، کے مطابق حالیہ برسوں میں خودمختاری کا تصور کئی سالوں کی نسبت نظر انداز کرنے کے بعد شدید بحث کا موضوع رہا ہے۔ تجرباتی طور پر، سکالرز نے دریافت کیا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کی مبینہ عالمگیریت کے دور میں خودمختاری کس حد تک بدل رہی ہے۔اگر ترقی یافتہ صنعتی ریاستوں کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ ان کی موثر خودمختاری کو کس حد تک ختم کیا جا رہا ہے، تو بہت سی غریب ریاستوں کے لیے سوال یہ ہے کہ انہوں نے کس حد تک موثر خودمختاری کا لطف اٹھایا ہے۔ پاکستان کی خودمختاری کا دوبارہ دعویٰ کرنا ناگزیر ہے کیونکہ ملک کی طاقت اور وقار داؤ پر لگا ہوا ہے اور قیادت کی آزادانہ طور پر فیصلے لینے اور ان پر عمل درآمد کرنے کی صلاحیت پر سوالیہ نشان ہے ، 1950 کی دہائی سے پاکستان نے غیر ملکی امداد پر انحصار کیا ہے،
جس نے ملک کی برآمدات
اور مقامی طور پر اشیاء کی تیاری پر توجہ دینے کی صلاحیت سے سمجھوتہ کیا ہے۔ درآمدات پر بہت زیادہ انحصار ملک کے غیر ملکی قرضوں کے چکر میں پھنسنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اس کے برعکس، چین اور بھارت درآمدات سے چلنے والی معیشت کے بجائے خود انحصاری کی اپنی کامیاب پالیسی کی وجہ سے خارجہ اور ملکی پالیسیوں میں اپنی پوزیشن واضح کرتے ہیں۔پاکستان کی خود انحصاری، کفایت شعاری اور غیر ملکی امداد اور قرضوں پر کم سے کم انحصار کی پالیسی پر عمل کرنے میں ناکامی نے طویل عرصے سے ملک کی خودمختاری کو ناممکن بنا رکھا ہے۔ ایک سو‎ بلین ڈالر سے زائد کا غیر ملکی قرض، 10 بلین ڈالر سے کم زرمبادلہ کے ذخائر، 30 بلین ڈالر سے کم برآمدات اور افراط زر 15 فیصد کو چھونے کے ساتھ، پاکستان وسائل کے حوالے سے انتہائی مشُکل صورت حال میں ہے لیکن اس کے باوجود، اقتدار میں رہنے والی اشرافیہ کی ذہنیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
جن لوگوں نے معاملات کو سنبھالنا ہے اور جو حکمران ہیں انہوں نے تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ صاف پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی فراہم کرنا ایک پائیدار عوامی نقل و حمل کے نظام اور دیگر سہولیات کی دستیابی،اچھی غذائیت کو یقینی بنانا، قانون کی حکمرانی اور احتساب کے فقدان کے ساتھ معیار زندگی کو بہتر
بنانے کے لیے ضروری ضروریات کی عدم موجودگی میں، کوئی شخص خودمختاری کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔جب ملک ڈوب رہا ہو اور پھر بھی بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور اتحادی ممالک سے مزید قرض لینے کی ضرورت ہو تو ملک کے امیج کے احترام یا بحالی کی توقع رکھنا غیر حقیقی ہے۔ کچھ طریقوں سے، خودمختاری ایک دو دھاری تلوار ہے کیونکہ یہ ایک ملک کی طاقت کا مظاہرہ کر سکتی ہے، اور یہ ملک کو غیر ملکی مداخلت کا شکار بھی بناتی ہے۔‎ پاکستان کے 220 ملین عوام ملک کی
خودمختاری کو دوبارہ حاصل کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ تاہم، یہ کوئی آسان کام نہیں اور اس کے لیے ریاست اور معاشرے کی سطح پر تین بڑی ساختی تبدیلیوں کی ضرورت ہوگی۔سب سے پہلے پاکستان کو ناکامی سے ایک متحرک ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے بے لوث، بے باک، جرأت مند، وژنری اور پرعزم قیادت کی ضرورت ہے، خاص طور پر معاشی میدان میں۔یہ قیادت صرف ان لوگوں تک ہی محدود نہیں جو معاملات کے سر پر ہیں بلکہ اسے معاشرے کے باقی حصوں تک بھی پھیلانا چاہیے تاکہ گھٹتی ہوئی اخلاقیات اور اقدار کو بحال کیا جا سکے۔ ایسی خوبیوں کے حامل لوگ ہی غیر ملکی دباؤ کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلا سکتے ہیں۔
اگر کوئی ملک ڈوب رہا ہے اور غیر ملکی قرضوں پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، تو اس میں آزادانہ فیصلے لینے اور ان پر عمل درآمد کرنے کی ہمت نہیں ہے۔یہاں تک کہ چھوٹے فیصلوں کے لیے، خاص طور پر جو عوام کی بھلائی کو یقینی بنانے سے متعلق ہیں، ملک کو بین الاقوامی قرض دہندگان سے اجازت لینی پڑتی ہے۔ یہ عوام کے لیے بنیادی فیصلے لینے کے لیے خودمختاری کی عدم موجودگی کو ظاہرکرتاہے۔ پاکستان معاشی اشاریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے، اور ملک میں انحصار کا کلچر چھا گیا ہے۔ اس کلچر اور قرضوں کے جال سے نجات کے لیے ملک کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔‎ وسرا، ایک منتخب حکومت کو اپنی عوامی حمایت پر اعتماد ہونا چاہیے اور اسے جرأت مندانہ فیصلے لینے اور ملک
کی خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے دوسری قوتوں پر انحصار نہیں کرناچاہیے۔ ایک سویلین حکومت جسے عوامی حمایت کا یقین نہیں ،اس میں ساکھ اور اعتماد کی کمی ہوگی اور وہ سخت فیصلے لینے میں ناکام رہے گی۔ اپنی ساکھ کو یقینی بنانے کے لیے، سویلین حکومتوں کو خودمختاری کا دوبارہ دعویٰ کرنا چاہیے تاکہ وہ عوام کی حمایت پر بھروسہ کر سکیں اور بیرونی دباؤ میں خود کو کمزور محسوس نہ کریں۔ آخر میں، مضبوط ادارے اور گڈ گورننس، قانون کی حکمرانی، احتساب، سیاسی استحکام اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان کی اہلیت خودمختاری کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔اگر ان اداروں کی سربراہی دیانت، قابلیت، ذہانت، عزم، لگن اور وژن کے حامل افراد کے ہاتھ میں کی جائے تو کوئی صورت نہیں کہ پاکستان اپنی خودمختاری کا دوبارہ دعویٰ نہ کر سکے۔
(پروفیسر ڈاکٹر مونس احمرکی انگریزی تحریر کا اُردو ترجمہ بین الاقوامی یونیورسٹی جاپان کے ڈاکٹر ملک اللہ یار خان نے کیا ہے۔)

جواب دیں

Back to top button