
وزیراعظم شہباز شریف کا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے، پانی کو سیاسی مقاصد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عالمی امن و استحکام کے لیے ایس سی او ایک اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او کے 25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے، پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منظرنامہ بڑھتی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، ایس سی او مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے، اور پاکستان تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا حالیہ بحران نے محفوظ توانائی راہداریوں کی اہمیت واضح کردی، پاکستان نے علاقائی بحران کے دوران امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، پاکستان کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، پاکستان پائیدار علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے۔







