
وزیرِ اعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالییف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ عالمی خانہ بدوش کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔
وزیرِ اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے بھی دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔







