
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ میں ایران کی ٹارگٹ کلنگ کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہوں۔
ترکیہ میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ کل ایک اور فہرست سامنے آئی ہے جس میں میرا نام پہلے نمبر پر ہے، مجھے ٹک ٹاک پر پہلے نمبر پر ہونا زیادہ پسند ہے، لیکن ٹارگٹ کلنگ کی فہرست میں بھی میرا نام سرِفہرست ہے۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے بوئنگ طیارے کے ذریعے امریکا واپس نہیں جاؤں گا، اس کی ایک وجہ سیکیورٹی خدشات ہیں
انہوں نے بتایا کہ میں اس کے بجائے اس پرانے طیارے میں سفر کروں گا جو ماضی میں ایئر فورس ون کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ حالیہ فوجی حملوں کے بعد ایران کے ساتھ ایک مکمل جنگ یا وسیع پیمانے پر تنازع دوبارہ شروع ہو گا، میرا خیال ہے کہ یہ معاملہ بہت جلد ختم ہو جائے گا، انہوں نے چند جہازوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ہم نے انہیں کہیں زیادہ سخت جواب دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب جو بھی ہو گا، وہ بہت جلد ختم ہو جائے گا اور اس سے تیل سمیت مجموعی صورتِ حال مزید محفوظ ہو جائے گی۔






