Column

جی ڈیISPRجنرل احمد شریف چودھری ایک مدبر اور معتبر فوجی افسر کالم : شہادت

ڈی جی ISPRجنرل احمد شریف چودھری ایک مدبر اور معتبر فوجی افسر

کالم : شہادت

راجہ شاہد رشید

ہر غیرت مند ، باشعور و باوقار مسلمان کو ، تمام تر محب وطن و درد مند ، غیور پاکستانیوں کو ، سب سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور بالخصوص ہر سیاستدان کو یہ سوچنا چاہیے کہ ان آپس کی لڑائیوں میں ، سیاسی اختلافات جھگڑوں اور محاذ آرائیوں میں فوج کو بے جا اور بے تُکی تنقید کا نشانہ بنانا وفاق دشمنی کے بلکہ ملک دشمنی کے مترادف ہی سمجھا جاتا ہے، انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ سب سیاسی جماعتیں ماضی و حال میں ہمیشہ ایسا ہی کرتی رہی ہیں ، کبھی ’’ ووٹ کو عزت دو‘‘ کی آڑ میں اور کبھی 9مئی کے وار میں ، صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے شاید عصری تقاضوں کو سمجھ لیا ہے اور زمینی حقائق کو جانتے ہوئے ملکی و عالمی حالات واقعات و معاملات کو بھی کچھ سمجھا ہے اور کچھ سیکھا بھی ہے، دلیل و ثبوت اس کا یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز و قیادت یعنی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دُختر مشرق و شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید بی بی رانی کے جیالے ہمیشہ فیڈریشن کا بیانیہ ہی بولتے ہیں ، وفاق کی مضبوطی کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پاکستان کھپے اور بھٹو جئے۔ آج افواج پاکستان اندرونی اور بیرونی سطح پر ملک دشمن عناصر سے نبرد آزما ہیں ، ان حالات میں ساری پاکستانی قوم کا پاک فوج کے سنگ سنگ ہونا ضروری ہے لیکن کچھ لوگ ہیں جو بھانت بھانت کی بولیاں بول رہے ہیں ، اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر اور پاک فوج پر ڈال رہے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ’’ وادی تیراہ میں کسی قسم کا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا ، وہاں پر برف باری اور سخت موسم کی وجہ سے لوگوں کی نقل مکانی معمول کا حصہ ہے یہ کوئی بحران نہیں ، وادی تیراہ کے حوالے سے صوبائی حکومت اور جرگے کی مشاورت سے معاملات طے پائے جس کے بعد نقل مکانی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ، اس معاملے میں کہیں بھی فوج شامل نہیں ، KPKحکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ فوج یا آپریشن پر نہ ڈالے ، وادی تیراہ کے 12ہزار ایکڑ پر بھنگ کاشت ہو رہی ہے اور اس کا منافع بھی ٹی ٹی پی کو جا رہا ہے ، اس فصل سے 35لاکھ فی ایکڑ کمائی ہوتی ہے اور یہی اصل جھگڑا ہے، کے پی حکومت لوگوں کی مشکلات کو اپنی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرے، وادی تیراہ میں اس وقت 500سے زائد ٹی ٹی پی کے لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہ رہے ہیں ، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مشیران جرگہ اور صوبائی حکومت کے مابین تین ملاقاتوں کے بعد پانچ ارب روپے اس نقل مکانی کے لیے مختص کیے گئے اور اس کی روشنی میں کے پی حکومت نے چار ارب روپے کا مائیگریشن پیکیج بھی مختص کیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔ واضح رہے کہ اس سارے عمل میں پاک فوج کہیں بھی نہیں ہے‘‘۔

کے پی حکومت کہتی ہے کہ لوگوں کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا گیا ، بانی PTIکی حکومت کے خاتمے کے بعد دہشت گرد دوبارہ آباد ہو رہے تھے تو اس لیے جرگے کیے گئے تھے ، اس وقت پی ڈی ایم حکومت کہتی تھی کہ ہم خواہ مخواہ ہی جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ’’ وفاقی حکومت کے بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کے نتیجے میں بد امنی پھر سے لوٹ آئی ہے ، معیشت بھی تباہ حال ہو گئی ہے ، سرمایہ کار اور نوجوان ملک سے بھاگنے کے راستے تلاش کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ بیانیے کی جنگ سے وفاق اور صوبہ نہیں بلکہ دہشتگردوں کا بیانیہ جیتے گا‘‘۔

سوچنا یہ ہو گا کہ صوبائی و مرکزی حکومتوں اور سیاسی پارٹیوں کی آپس کی اس لڑائی میں پاک فوج کا قصور کیا ہے۔؟ فوج ہی ہے جو دہشتگردی کو ختم کر سکتی ہے ، دہشتگردوں کے مقابلے میں کتنے فوجیوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان شہادتوں کو شہیدوں کو اور پاک فوج کو سلام پیش کریں ، بیرونی و اندرونی ہر محاذ پر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں لیکن بعض لوگ ایسا کرنے کی بجائے فوج کو کمزور کرنے کے در پے ہیں، سوشل میڈیا پہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور ڈی جی ISPRجنرل احمد شریف چودھری کی توہین و تنقیص کی جارہی ہے اسے فوری طور پہ بند ہونا چاہیے، جب ہم نے انڈیا کو جواب دیا تو سارے عالم نے پاک فوج اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی خدمات و بہادری کو بے حد سراہا ، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری ایک معزز و معتبر اور معتدل و مدبر فوجی افسر ہیں، وہ جو بولتے ہیں وہ ان کی اپنی نہیں فوج کی رائے یعنی ادارے کی پالیسی ہوتی ہے، ترجمان جو ہوئے۔ یاد کریں وہ وقت جب ڈی جی ISPRجنرل احمد شریف چودھری نے کہا تھا کہ جب ہم انڈیا کو سبق سکھائیں گے، جواب دیں گے تو پھر ہمیں کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہوگی، ساری دنیا دیکھے گی اور تسلیم بھی کرے گی کہ واقعی پاک فوج نے انڈیا کو جواب دیا ہے اور شکست دی ہے۔

میرا اپنا ہی ایک شعر ہے کہ

ایک مسلم سا کسی کا اُوج نہیں ہے

پاک فوج جیسی کوئی فوج نہیں ہے

جواب دیں

Back to top button