
لاہور گلبرگ کے انڈیگو ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے میں دو افراد جاں بحق جبکہ سات افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ شہریار عمر اور 30 سالہ عمران عمر کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو 1122 سے قبل گلبرگ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گلبرگ پولیس کے اے ایس آئی جاوید معمول کی پیٹرولنگ پر حسین چوک کے قریب موجود تھے کہ ہوٹل سے لوگوں کو باہر نکلتے دیکھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اے ایس آئی جاوید اپنی ٹیم اور پولیس وین کے ہمراہ فوری طور پر ہوٹل پہنچ گئے اور آگ لگنے کی اطلاع اپنے ایس ایچ او اور اعلیٰ افسران کو دی۔
پولیس 15 پر کال موصول ہونے سے قبل ہی پولیس موقع پر موجود تھی، جبکہ اطلاع ملنے کے تقریباً سات منٹ بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ایس ایچ او بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہوٹل کا فائر ہائیڈرینٹ مکمل طور پر فعال تھا، جسے آپریشن کے دوران استعمال کیا گیا۔ ہوٹل میں نصب آگ بجھانے کا نظام مؤثر ہونے کے باعث ریسکیو 1122 کو واٹر باوزر استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی اور آگ کو جلد ہی قابو میں کر لیا گیا۔
آتشزدگی کے باعث مجموعی طور پر سات افراد جھلسے، جن میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اور ریسکیو ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔







