
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا تاہم دورانِ کاروبار انڈیکس میں بڑی کمی اس وقت دیکھی گئی جب 100 انڈیکس میں تقریباً 2000 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر انڈیکس میں 1588 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ ہوئی اور انڈیکس 187,033 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ گذشتہ روز انڈیکس مثبت زون میں بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گرین لینڈ پر امریکہ اور یورپ کے درمیان کشیدگی اور یورپ کے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے خدشات کے باعث بین الاقوامی مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق بین الاقوامی سطح پر ہونے والی صورتحال کا کچھ اثر ضرور ہوا، تاہم پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کی بڑی وجہ پرافٹ ٹیکنگ یعنی منافع سمیٹنے کا رجحان تھا جس کے باعث زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی







