
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے حال ہی میں خفیہ ملاقات کی ہے، جس میں ایران کے جلاوطن سابق ولی عہد رضا پہلوی سے ایران میں جاری مظاہروں پر بات چیت ہوئی۔
امریکی خبر رساں ادارے ’ایکسیوز‘ کے مطابق، یہ ملاقات ان مظاہروں کے آغاز کے پندرہ دن بعد امریکی انتظامیہ اور ایرانی اپوزیشن کے درمیان ہونے والی پہلی اعلیٰ سطح کی ملاقات تھی۔ رضا پہلوی یہ کوشش کر رہے ہیں کہ اگر ایران میں موجودہ نظام گرا تو وہ عبوری قیادت کے طور پر سامنے آئیں۔
رضا پہلوی، جو 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد ملک چھوڑ کر امریکا میں جلاوطنی کی ذندگی گزار رہے ہیں، ایران میں اپوزیشن کے ایک دھڑے کی قیادت کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں بند دروازوں کے پیچھے ہونے والی میٹنگز میں کہا کہ اس وقت انتظامیہ غیر فوجی اقدامات پر غور کر رہی ہے تاکہ مظاہرین کی مدد کی جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل نے امریکا کو اطلاع دی ہے کہ ایران میں جاری احتجاج کے دوران کم از کم پانچ ہزار مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔







