
پاکستان نیوی نے زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی صلاحیت کا عکاس ہے۔
ایل وائی 80 میزائل نے طویل فاصلے پر فضائی ہدف کو کامیابی سے تباہ کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کامیاب تجربے کا معائنہ کیا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور کامیابی حاصل کی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں کامیابی حاصل کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی شعبے میں اہم سنگِ میل ہے، میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے شاندار کارنامہ سرانجام دیا، میزائل کا کامیاب تجربہ سمندری سرحدوں کے دفاع میں قابلِ اعتماد قدم ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مقامی ٹیکنالوجی قابلِ تحسین ہے، قومی دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے سائنسدانوں اور فورسز کو سلام پیش کرتےہیں۔







