
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان نے وینزویلا کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کا شکار ہے۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے نئے خطرات کو جنم دے سکتی ہے۔‘
عثمان جدون کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کا واحد حل مکالمہ اور سفارت کاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان وینزویلا میں حالیہ پیش رفت کو گہری تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اقوامِ متحدہ کا منشور ہمیں اس امر کا پابند بناتا ہے کہ ہم کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے باز رہیں۔۔۔ یہ منشور رکن ممالک کو خودمختار مساوات، دوسروں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور بین الاقوامی تنازعات کے پُرامن حل کا بھی پابند کرتا ہے۔‘
عثمان جدون نے کہا کہ ’یکطرفہ فوجی کارروائی ان مقدس اصولوں اور ریاستی خودمختاری کے نظریے کی خلاف ورزی ہے۔‘
’اس طرح کے اقدامات خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔‘
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ اس نازک مرحلے پر آگے بڑھنے کا واحد راستہ مکالمہ اور سفارت کاری ہونا چاہیے۔ ’سیاسی اختلافات کا پائیدار حل صرف پُرامن ذرائع سے ہی تلاش کیا جا سکتا ہے۔







