
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہےکہ پنجاب کو زیادہ پیسہ ملنے کا جھوٹ بولا جاتا ہے، پیسہ ہر صوبے کے پاس ہے، صرف کام کرنےکی نیت اور ارادے کی کمی ہے۔
لاہور میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ وزیر اعلیٰ بن کر پروٹوکول اور سیاست پر توجہ دیتے ہیں، میں سمجھتی ہوں اچھی گورننس سے بہتر کوئی سیاست نہیں، سیاست عوام کی خدمت کرنے کا نام ہے، آپ نے بہکاوے میں نہیں آنا کہ کوئی صوبہ اس لیے محروم ہے کہ اس کے پاس پیسہ نہیں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے دل کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، پنجاب کے اسپتالوں میں دوسرے صوبوں کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے، دوسرے صوبوں کے لوگ ہارٹ سرجری کے لیے اپنے مریضوں کو پنجاب لاتے ہیں، دیگر صوبوں کے طلبہ بھی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں، ہمارے ذہنوں میں دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیےکوئی تفریق نہیں، میں پنجابی، سندھی، پختون کی تفریق نہیں کرتی اس سے ملک کمزور ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سیاست کو سیاسی جوڑ توڑ بنا لیا، یہ سیاست عوام کی خدمت ہے، پنجاب میں جو اسکیمیں چل رہی ہیں، میرے نہیں عوام کے پیسے سے چل رہی ہیں، میں نے آکر پنجاب میں سب سے پہلے سفارش کلچر ختم کیا، اپنے دور میں ایک بندہ بھی سفارش پر نہیں لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پنجاب کے کئی علاقے ہیں جہاں کئی کئی دن کسی جرم کی اطلاع نہیں ملتی، میں نے سب سے پہلے سفارش اور رشوت کا سلسلہ ختم کیا، پنجاب میں پچھلے 4 پانچ سال سے ان برائیوں کا نیٹ ورک چل رہا تھا، میں حلفاً کہہ سکتی ہوں کہ میں نے کوئی ایک شخص سفارش پر نہیں لگایا ، میں خود دن میں 30،30 انٹرویو کرتی ہوں، جرائم کی شرح 100 فیصد سے 30 فیصد پر آگئی ہے۔







