تازہ ترینجرم کہانیخبریںسیاسیاتپاکستان

عثمان ہادی قتل کیس: مرکزی ملزم کا دبئی میں موجودگی کا دعویٰ

بنگلہ دیش میں طلبہ رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کے مقدمے میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ قتل کے مرکزی ملزم قرار دیے گئے فیصل کریم مسعود نے بیرونِ ملک سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی جب ایک معروف بنگلہ دیشی صحافی نے عوامی طور پر دعویٰ کیا کہ ملزم کی موجودہ لوکیشن کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیو بیان میں فیصل کریم مسعود نے کہا کہ وہ اس وقت دبئی میں موجود ہیں اور عثمان ہادی کے قتل میں ان کا کوئی کردار نہیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش پولیس کا دعویٰ ہے کہ فیصل کریم مسعود اور ایک اور ملزم عالمگیر شیخ نے 12 دسمبر کو عثمان ہادی پر حملے کے بعد ملک چھوڑ دیا تھا اور وہ بارڈر کے راستے بھارت گئے، جہاں سے ممکنہ طور پر کسی اور ملک روانہ ہوئے۔

تاہم بھارتی سیکیورٹی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کسی سرحد پار نقل و حرکت کے شواہد نہیں ملے۔

ملزم فیصل مسعود کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ان کے اور مقتول کے درمیان تعلقات صرف کاروباری نوعیت کے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ قتل کے پیچھے بنگلہ دیش کے طلبہ کی اسلامی جماعت ’جماعتِ شبیر‘ کا ہاتھ ہو سکتا ہے اور انہیں اور ان کے خاندان کو جان بوجھ کر اس معاملے میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ویڈیو پیغام میں فیصل مسعود نے کہا کہ وہ اپنی جان کے تحفظ کے لیے دبئی آئے ہیں کیونکہ ان کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عثمان ہادی کا تعلق ”جماعت“ سے تھا اور ممکن ہے کہ اسی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا گیا ہو۔

فیصل مسعود کے مطابق انہوں نے بطور آئی ٹی کمپنی کے مالک، عثمان ہادی سے پیشہ ورانہ بنیادوں پر ملاقاتیں کیں اور بعض اوقات سیاسی عطیات بھی دیے، جن کے بدلے انہیں سرکاری منصوبوں میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ شریف عثمان ہادی کو 12 دسمبر کو ڈھاکہ کے پلتن علاقے میں انتخابی مہم کے دوران دن دیہاڑے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وہ شدید زخمی حالت میں سنگاپور منتقل کیے گئے، جہاں 18 دسمبر کو ان کا انتقال ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد ملک بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔

جواب دیں

Back to top button