
خدام الحجاج سال برائے 2026 کیلئے سرکاری ملازمین کی سلیکشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
خدام کے لیے اپلائی کرنے والے سرکاری ملازمین نے میرٹ خلاف ورزی پر وزیراعظم پورٹل پر شکایات کی ہیں اور پورٹل پر کی گئی شکایت اور امیدواروں کو سلیکشن کے پیغامات بھی منظر عام پر آگئے ہیں۔
پورٹل پر کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ بغیرفزیکل ٹیسٹ میرٹ لسٹ لگا کرنئے امیدواروں کی حق تلفی کی گئی، 20 دسمبرکی رات پورٹل پر رزلٹ اپ لوڈ ہوتےہی مخصوص افرادکو سلیکشن کے پیغام مل گئے، کامیاب امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ بھی ڈراپ کر دیے گئے۔
خدام الحجاج کیلئے سرکاری ملازمین سے درخواستیں 30نومبر تک طلب کی گئی تھیں، مبینہ بےضابطگیوں پر امیدواروں نے وزیراعظم شکایت پورٹل اور وفاقی محتسب کو درخواستیں دیں، درخواست میں میرٹ پر امیدواروں کے انتخاب کی استدعا کی گئی ہے۔







