پاکستان اور انڈونیشیا دوستی کا نیا باب

پاکستان اور انڈونیشیا دوستی کا نیا باب
میری بات
روہیل اکبر
دنیا کے نقشے پر ایک طرف ایشیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک انڈونیشیا ہے اور دوسری طرف دنیا کی پانچویں بڑی آبادی والا پاکستان فاصلے میں ہزاروں میل کی دوری ضرور ہے مگر دلوں کی قربت، تاریخی روابط اور باہمی احترام نے یہ فاصلے ہمیشہ سمیٹے رکھے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ تہذیبی، معاشی اور دفاعی سطحوں پر ایک مضبوط بنیاد رکھتے ہیں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ایک تاریخی بنیادبھی ہے جس نے دونوں ممالک کوآپس میں جوڑرکھا ہے 1947ء کے بعد جب انڈونیشیا ڈچ استعمار کے خلاف برسرپیکار تھاتو پاکستان نے کھل کر انڈونیشیا کی آزادی کی حمایت کی کراچی کی بندرگاہ ڈچ فوج کی رسد روکنے کے لیے بند کی گئی یہ اقدام آج بھی انڈونیشی عوام کے دلوں میں محفوظ ہے ان دنوں کے اخبارات گواہ ہیں کہ انڈونیشیا کے پہلی صدر سوئیکارنو نے پاکستان کی اس جرات مندانہ حمایت کو ’ بھائی چارے کی مثال‘ قرار دیا تھا اس کے بعد1955 ء کی بندونگ کانفرنس وہ تاریخی موڑ تھی جہاں پاکستان اور انڈونیشیا ایک وسیع تر ایشیائی و افریقی تعاون کے سفر میں شانہ بشانہ دکھائی دئیے دونوں ممالک کی خارجہ پالیسیوں میں ہمیشہ ایک مشترکہ پہلو نمایاں رہا ہے امتِ مسلمہ کے مسائل پر آواز اٹھانا اور ترقی پذیر دنیا کے مفادات کا دفاع کرنا۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر دونوں ممالک اکثر ایک دوسرے کی آواز کی تقویت بنتے ہیں کشمیر کے مسئلے پر انڈونیشیا ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا رہا ہے جبکہ پاکستان نے فلسطین کے حق میں انڈونیشیا کے اصولی موقف کی کھل کر تائید کی۔ انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیا کی بڑی معاشی قوت ہے اور پاکستان کے لیے ایک اہم تجارتی شراکت دار بھی اگرچہ باہمی تجارت کا حجم ابھی اپنی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے پاکستان انڈونیشیا کو چاول، ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان اور فارماسیوٹیکل مصنوعات برآمد کرتا ہے جبکہ انڈونیشیا سے پاکستان پام آئل، ربڑ، کوئلہ اور کیمیکل مصنوعات درآمد کرتا ہے دونوں ممالک کے درمیان Preferential Trade Agreement (PTA) تو ہے مگر اسے Free Trade Agreement (FTA)کی سطح پر لے جانے کی ضرورت ہے یہی وہ قدم ہے جو تجارت کو اوپر اٹھا سکتا ہے جبکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے دفاعی اداروں میں سالہا سال سے مضبوط تعاون موجود ہے پاکستان کے بنائے گئے JF-17تھنڈر طیارے انڈونیشیا کے ممکنہ دفاعی منصوبوں کا حصہ رہ چکے ہیں اس کے علاوہ تربیتی پروگرام،بحری تعاون،انسداد دہشتگردی اوردفاعی ٹیکنالوجی کے تبادلے یہ تمام شعبے دونوں ملکوں کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرتے ہیں انڈونیشیا اور پاکستان کے تعلقات صرف ریاستی سطح کے نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرا اثر رکھتے ہیں پاکستانی ڈرامے اور فلمیں انڈونیشیا میں پسند کی جاتی ہیں تو ساتھ میں انڈونیشی سیاح پاکستان کی ثقافت، صوفی مزارات اور شمالی علاقہ جات سے متاثر ہو کر یہاں کا رخ کرتے ہیں جبکہ دوطرفہ طلبہ پروگرام بھی بڑھ رہے ہیں جس سے مستقبل میں نئے امکانات کا کھلا دروازہ کھل رہا ہے دنیا معاشی بلاکس اور علاقائی اتحادوں کی طرف بڑھ رہی ہے ایسے میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون مزید گہرا ہونا چاہیے اگر دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی سطح پر اپنے روابط مزید مضبوط کرتے ہیں تو یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے ایک مضبوط مثال بن سکتی ہے یہ بھی حقیقت ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے قدرتی اتحادی ہیں اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تعلقات کو محض بیانات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے نئی راہیں کھولی جائیں تا کہ دونوں قومیں ترقی کا وہ سفر طے کر سکیں جس کی ان سے مسلم دنیا کو بھی امید ہے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے صدر پرابووسو بیانتو کے اعزاز میں وزیراعظم ہا س میں شاندار استقبالیہ دیا گیا معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جسکے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر پرابووسوبیانتوانڈونیشیا کے مدبر رہنما ہیں ہم نے باہمی تجارت میں توازن پر بات چیت کی، پاکستانی ڈاکٹرز، میڈیکل پروفیسرز اورماہرین کوانڈونیشیا بھیجنے پر اتفاق ہوا پاکستان اورانڈونیشیا کے تعلقات کی تاریخ 75سال پر مبنی ہے، پاکستان اورانڈونیشیا کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، انڈونیشیا کی حکومت اورعوام نے جنگ میں پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا، پاکستان اورانڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے انڈونیشیا صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوووسو بیانتو نے کہا کہ پاکستان میں شاندارمیزبانی اور استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں پاکستان کی فضائی حدودمیں جے ایف17طیاروں کی سلامی میرے لیے اعزاز ہے ہم نے مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے معاہدوں اورایم اویوز کاتبادلہ کیا پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، تعلیم، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دیں گے غزہ کے معاملے پر پاکستان اور انڈونیشیا نے مشترکہ موقف اپنایا اس موقعہ پر انہوں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کر لیا گیااب پاکستانی طلبا انڈونیشیا میں اعلی تعلیم کیلئے انڈونیشین ایڈ سکالر شپ پروگرام کے تحت تعلیم بھی حاصل کرسکیں گے جبکہ چھوٹے اوردرمیانے کاروبارکی ترقی کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان تاریخی دستاویزات اورریکارڈ محفوظ بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے دونوں ممالک کے درمیان منشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مفاہمتی یادداشت، حلال تجارت اورسرٹیفکیشن کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔





