افغان حکومت پاکستان خطے اور دُنیا کیلئے خطرہ

افغان حکومت پاکستان
خطے اور دُنیا کیلئے خطرہ
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی حالیہ بریفنگ میں نہ صرف پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا جامع نقشہ سامنے آیا ہے بلکہ ان عوامل کی نشان دہی بھی ہوئی ہے جو ملک کی داخلی کمزوریوں، علاقائی پیچیدگیوں اور عالمی سیاسی تغیرات کے تناظر میں پاکستان کی سلامتی کو براہِ راست متاثر کررہے ہیں۔ یہ بریفنگ اُن تمام مباحث کے دروازے کھولتی ہے جو طویل عرصے سے ملکی بیانیے، حکمتِ عملی اور پالیسی کے درمیان الجھے ہوئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی افواج کے انخلا کے دوران 7.2بلین ڈالر مالیت کا عسکری ساز و سامان افغانستان میں چھوڑ دیا گیا، جو اَب طالبان رجیم کے زیرِ قبضہ ہے اور مختلف دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں میں منتقل ہوکر پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ اگر 2021ء کے بعد افغانستان میں ریاستی ڈھانچہ قائم نہ ہوسکا اور طالبان حکمرانی ایک جامع سیاسی نمائندگی سے محروم رہی، تو اس کا لازمی نتیجہ یہی نکلنا تھا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز کو پہلے سے زیادہ کھلی چھوٹ ملے۔ پاکستان کے لیے یہ صورت حال یکسر ناقابلِ قبول ہے، کیونکہ دہشت گردی کی حالیہ لہر اسی غیر مستحکم علاقائی ماحول کا شاخسانہ ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 4910انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جن میں سیکڑوں دہشت گرد مارے گئے۔ رواں سال مجموعی طور پر 67023آئی بی اوز ملک بھر میں انجام دئیے گئے جبکہ 1873دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں غیر ملکی عناصر بھی شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے انتھک جدوجہد میں مصروف ہیں، مگر چیلنجز کی نوعیت اتنی پیچیدہ ہے کہ محض آپریشنز کافی نہیں، سرحدی مینجمنٹ، داخلی گورننس، سیاسی عزم اور علاقائی ڈپلومیسی کے بغیر یہ جنگ جیتی نہیں جاسکتی۔ خیبر پختونخوا میں پاک افغان بارڈر کا 1229کلومیٹر طویل پھیلائو اور 20کراسنگ پوائنٹس اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ یہ علاقہ جغرافیائی و قبائلی تقسیم کا منفرد نمونہ ہے۔ بارڈر فینسنگ اُس وقت تک کارگر نہیں ہوسکتی جب تک اسے فائر اور آبزرویشن کور حاصل نہ ہو۔ بارڈر کے دونوں جانب پھیلے منقسم گائوں نہ صرف آمدورفت کو پیچیدہ بناتے، بلکہ دہشت گردوں کو محفوظ راستے فراہم کرتے ہیں۔ افغان طالبان کے تعاون کے بغیر بارڈر مینجمنٹ ناقابلِ عمل ہے، یہ حقیقت جتنی جلدی کابل تسلیم کرے، اُتنا ہی خطے کے لیے بہتر ہوگا۔ اگر طالبان حکومت دہشت گرد عناصر کو مکمل سہولت فراہم کرتی رہتی ہے، جیسا کہ پاکستان بارہا شواہد کے ساتھ بتاچکا، تو پھر سوال صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پورے خطے کی سلامتی کا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک اہم نکتہ اٹھایا: بیرونِ ملک سے چلنے والی سوشل میڈیا مہمات پاکستان کے خلاف زہریلا بیانیہ پھیلارہی ہیں۔ یہ معلوماتی جنگ کا وہ دور ہے جس میں دشمن ریاستوں کے توپ و تفنگ ضروری نہیں، چند ہزار آن لائن اکائونٹس اور ایک مربوط نیٹ ورک بیانیوں کو مسخ کرنے، اداروں پر اعتماد گھٹانے اور معاشرتی تقسیم پیدا کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ اسی تناظر میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا پھیلائو، ایرانی ڈیزل کی منظم اسمگلنگ اور سیاسی جرائم، دہشت گردی nexusنہ صرف ریاستی رٹ کے لیے چیلنج ہے، بلکہ ان غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی رقم براہِ راست دہشت گرد گروہوں کے پاس جاتی ہے۔ بلوچستان میں روزانہ 20.5 ملین لیٹر ڈیزل کی اسمگلنگ کا اعداد و شمار خود بتاتا ہے کہ ریاست کو کس نوعیت کی اندرونی معیشتی سیکیورٹی درکار ہے۔ پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے ہمیشہ موجود رہا ہے مگر پالیسی عمل درآمد کے میدان میں صوبائی اور وفاقی سطح پر فرق نمایاں رہا ہے۔ بلوچستان میں جہاں NAP پر واضح پیش رفت ہوئی، وہیں خیبر پختونخوا میں ایک وسیع خلا دکھائی دیتا ہے۔ اگر بلوچستان کے 27 اضلاع کو پولیس کے دائرہ اختیار میں لایا گیا اور روزانہ ہزاروں عوامی انگیجمنٹس ہورہی ہیں تو یہ ایک کامیاب ماڈل ہے جسے ملک کے دیگر حصوں میں بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔پاکستان کا یہ مطالبہ کہ افغان طالبان خود کو ایک ریاست کی طرح منظم کریں، بین الاقوامی ذمے داریوں کو تسلیم کریں اور اپنی سرزمین پاکستان اور دیگر ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، ایک جائز اور حقیقت پسندانہ مطالبہ ہے۔ طالبان کا یہ کہنا کہ پاکستان پر حملے کرنے والے عناصر ’’مہمان‘‘ ہیں، نہ صرف غیر منطقی بلکہ یہ سوال بھی پیدا کرتا ہے کہ کیا افغانستان اپنی سرزمین پر ریاستی اختیار قائم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے؟ اگر افغانستان کو بین الاقوامی برادری میں قبولیت چاہیے تو اسے دہشت گردوں کے خلاف قابلِ تصدیق میکانزم پر عالمی اصولوں کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان میں بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات پر بھی سخت ردعمل سامنے آیا۔ بھارت کی عسکری اور سیاسی قیادت مسلسل پاکستان دشمن بیانیہ عوامی جذبات کو بھڑکانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ کوئی محدود جنگ یا ’’ٹریلر‘‘ دکھا کر پاکستان کو دبایا جاسکتا ہے تو یہ اس کی تاریخی غلط فہمی ہے۔ رواں سال جنگ مئی کی عبرت ناک شکست کو اُسے بھولنا نہیں چاہیے۔ دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں اور کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی خطے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاسکتی ہے۔ پاکستان کے سیکیورٹی چیلنجز محض عسکری نوعیت کے نہیں، یہ معاشرتی، سیاسی، سفارتی اور معیشتی سطحوں پر مربوط حکمتِ عملی کے متقاضی ہیں۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں سخت اور حقیقت پسندانہ سفارت کاری ناگزیر ہے۔ داخلی گورننس، پولیسنگ اور صوبائی سطح پر NAPپر عملدرآمد کو موثر بنانا ہوگا۔ اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور جرائم پیشہ، سیاسی، دہشت گرد nexusکو توڑنا ہوگا۔ آن لائن معلوماتی جنگ کا مقابلہ سچ، شفافیت اور فعال اسٹرٹیجک کمیونیکشن کے ذریعے کرنا ہوگا۔ سرحدی مینجمنٹ کو جدید ٹیکنالوجی اور مقامی کمیونٹیز کی شمولیت سے مضبوط کرنا ہوگا۔ آخر میں یہ حقیقت نظرانداز نہیں کی جاسکتی کہ پاکستان کی سلامتی محض ایک خطہ یا ایک ادارے کا مسئلہ نہیں، یہ قومی وجود کا سوال ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ ہمیں وہ تلخ آئینہ دکھاتی ہے جس میں ہمارے چیلنجز کی اصل شکل موجود ہے۔ اب وقت ہی کہ فیصلے بھی اسی حقیقت پسندی سے کیے جائیں۔
سہ فریقی سیریز پاکستان کے نام
پاکستان کرکٹ ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو 6وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی، یہ کامیابی نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ بلکہ اس نے قومی کرکٹ کو ایک اور کامیابی کی داستان سنادی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں پاکستان نے 115رنز کا ہدف 19ویں اوور میں پورا کیا اور اس کامیابی نے قوم کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس میچ میں نہ صرف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کے ذریعے بھی اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔ فائنل میں بابر اعظم کی 37 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ صائم ایوب نے بھی 36 رنز بنا کر ان کی معاونت کی۔ محمد نواز اس میچ اور سیریز میں اپنے آل رائونڈر کھیل سے ٹیم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کی بولنگ لائن نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔ شاہین آفریدی اور محمد نواز نے تین تین وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا۔ اس کے علاوہ، ابرار احمد، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔ اس میچ میں 7سری لنکن کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جو پاکستان کی بہترین بولنگ کا مظہر تھا۔ محمد نواز کی شاندار کارکردگی نے انہیں نہ صرف فائنل کا بہترین کھلاڑی بنایا بلکہ انہیں سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی تسلیم کیا گیا۔ ان کی آل رائونڈر پرفارمنس نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے انتہائی قیمتی کھلاڑی ہیں جو ہر محاذ پر ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں۔ اس سیریز کی فتح پاکستان کرکٹ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ایک بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، بلکہ اس میں کھلاڑیوں کی انفرادی محنت، حکمتِ عملی اور ان کی پختہ ارادوں کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے یہ ثابت کیا کہ وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور جب ان کے کھلاڑی میدان میں ہوتے ہیں تو کوئی بھی ٹیم ان کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔ یہ فتح ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کرکٹ میں ٹیم ورک اور مسلسل محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک اور یادگار لمحہ ہے اور ٹیم کی اس کامیابی پر ہم سب کو فخر ہے۔ کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا عروج جاری رہے گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں یہ ٹیم مزید اعزازات جیتے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس شاندار فتح پر ہم ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور پی سی بی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔





