Column

ضمنی الیکشن: پنجاب کے عوام کی مریم نواز کی لیڈرشپ پر مہر

ضمنی الیکشن: پنجاب کے عوام کی مریم نواز کی لیڈرشپ پر مہر
سیف اعوان
پاکستان میں سب سے زیادہ عروج اور کامیابیاں حاصل کرنے والے شاید واحد لیڈر میاں نواز شریف ہیں۔ جہاں انہوں نے کامیابیاں حاصل کی وہاں ان کے دشمن بھی بڑھ گئے۔ یہ دشمن صرف نواز شریف کی مقبولیت، لیڈرشپ اور کارکردگی کی وجہ سے بنے۔ نواز شریف کا طرز حکومت اور طرز سیاست بہت واضح ہے وہ اصولوں کی سیاست اور گڈگورننس کی حکومت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان میں خدمت کی سیاست متعارف کروانے کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ نواز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان میں جدت لانے کی سوچ متعارف کرائی، وہ انفرا سٹرکچر ہو صنعتی شعبہ ہو زراعت ہو یا دفاع ہو ان سب میں انقلاب اور جدت 1990ء کے بعد ہی آیا ہے۔ اس سے پہلے ہم جدید دنیا سے کہیں پیچھے تھے۔ پاکستان میں آج جتنے بھی بڑے میگا پروجیکٹ ہیں ان میں تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم کو نکال کے آپ جہاں بھی دیکھیں گے آپ کو نواز شریف کا نام ہی نظر آئے گا۔ نواز شریف پر اللہ تعالیٰ کی شاید خاص کرم نوازی ہے کہ جب بھی دنیاوی خدا بننے والے ان کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں تو عوام دوبارہ ان دنیاوی خداں کے سامنے نواز شریف کو لا کر کھڑا کر دیتے ہیں۔ نواز شریف بھی اس کے بدلے میں عوام کو وہ سب کچھ مہیا کرنے میں لگ جاتے ہیں جس کی عوام ان سے توقعات کرتے ہیں۔ اگر موجودہ حالات کو دیکھا جائے تو نواز شریف اس وقت سپریم لیڈر کا درجہ اختیار کر چکے ہیں۔ ان کے بھائی وزیراعظم ہیں اور بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب ہے پاکستان میں اس وقت جتنے بھی بڑے فیصلے ہو رہے ہیں وہ نواز شریف کی مرضی اور کے مطابق ہو رہے ہیں۔ نواز شریف کے تجربے اور ویژن سے سیکھتے ہوئے ہی مریم نواز تیزی سے ڈلیور کر رہی ہیں۔ حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج ایسے ہی مسلم لیگ نون کے حق میں نہیں آئے اس کے پیچھے نواز شریف کی لیڈرشپ اور مریم نواز کی ڈیڑھ سال کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔ مریم نواز نے پہلے سال 90منصوبے شروع کر دئیے ان میں 50کے قریب منصوبے وہ مکمل بھی کر چکی ہیں۔ جن میں الیکٹرک بسیں، الیکٹرک موٹر سائیکل، اسکالر شپ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر،20 ہزار کلومیٹر کی سڑکیں، مفت ادویات، فیلڈ ہاسپٹل، نواز شریف کینسر ہسپتال،کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار یہ چند ایک بڑے منصوبے ہیں جن سے براہ راست کروڑوں عام آدمی مستفید ہو رہے ہیں۔ جب لوگوں کو ایسی سہولیات ان کی دہلیز پر ملنا شروع ہوئی تو لوگوں کے ذہن بھی تبدیل ہو گئے کیونکہ دو سال تک مسلسل ایک جماعت اور اس کی قیادت کی جانب سے ریاست اور اپنے مخالف سیاست دانوں کے خلاف لوگوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار بھرنے کی کوشش کی گئی۔ اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے مریم نواز نے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کی جس میں وہ کافی حد تک اب کامیاب ہو چکی ہیں کیونکہ ضمنی الیکشن میں عام انتخابات کی نسبت مسلم لیگ نون کے امیدوار زیادہ بڑی لیڈ اور مارجن کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ جو حلقے تحریک انصاف کے سمجھے جاتے تھے وہاں سے مسلم لیگ نون بڑی لیڈ کے ساتھ کامیاب ہوئی۔ ان میں خصوصی طور پر لاہور کے این اے 129فیصل آباد کا ایک حلقہ این اے 104، ہری پور سے این اے 18اور میانوالی سے پی پی 73کے حلقے تحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستیں تصور کی جاتی تھی ان نشستوں پر مسلم لیگ نون کے امیدواروں نے واضح برتری کے ساتھ فتح حاصل تھی۔یہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے ثمرات ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کھوکھلی تقریریں اور مولا جٹ کی بڑھکوں سے ان کے پیٹ نہیں بھرے جاتے اور نہ ہی ان کے بنیادی مسائل حل ہوتے ہیں۔ پنجاب کی عوام نے مریم نواز کی لیڈرشپ پر مہر لگا دی ہے۔ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک اچھی سیاست دان ہونے کے ساتھ ایک اچھی ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں جو فیتے کاٹنے پر یقین نہیں رکھتی ہیں بلکہ فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کو بھی یقینی بناتی ہیں۔ مریم نواز کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے وہ کسی بھی منصوبے کا افتتاح تب کرتی ہیں جب عام آدمی کو اس کا فائدہ ملنا شروع ہو جاتا ہے۔ مریم نواز کا ویژن بہت کلیئر ہو چکا ہے اور ان کی ترجیحات بھی نمایاں ہو گئی ہیں۔ عام آدمی کے مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہی مریم نواز کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ مریم نواز نے خدمت کی سیاست کا جو ٹرینڈ متعارف کرایا ہے اسی چیز نے مریم نواز کو عوام میں مقبولیت اور پذیرائی دلائی ہے۔ الزامات لگانا اور ذاتیات کی سیاست کرنا شاید بہت آسان کام ہے لیکن ڈلیور کرنا اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچانا صرف لیڈرشپ کا ہی کام ہے۔ یہ کوالٹی مریم نواز کو وراثت میں ملی ہے جس کا وہ بھرپور استعمال کر رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button