حضرت سلطان المشائخ خواجہ سید محمد نظام الدین اولیاء محبوب الٰہی دہلویؒ

حضرت سلطان المشائخ خواجہ سید محمد نظام الدین اولیاء محبوب الٰہی دہلویؒ
ضیاء الحق سرحدی
یہ ماہ ربیع الثانی بھی اپنی فضیلت کے اعتبار سے منفرد نورانیت سے معمور مہینہ ہے ربیع الاول میں اللہ کا نور رسالت کا جامہ زیب تن فر ما کر پردہ دنیا پر جلوہ گر ہوا جس کی جلوہ گری نے تمام عالمین کو جگمگا دیا یہ ظل الٰہی تھا مگر اللہ نے حضور سرور عالمینؐ کی دو کرنیں امت میں محبوبیت کے درجہ پر فائز فر ما کر دنیائے انسانیت پر احسان عظیم فرمایا جن میں حضرت سید نا غوث الاعظمؒ ( محبوب سبحانی ) اور دوسری حضرت سید محمد نظام الدینؒ ( محبوب الٰہی ) یوں تو نبوت کا دروازہ حضور خا تم النبین ﷺ پُر نور کے بعد تا قیامت بند ہو گیا مگر کار رسالت سینہ بہ سینہ خاصان خدا کے ذریعے جاری و ساری ہے ایک سے ایک بڑھ کر اولیاء اللہ آئے اور تبلیغ اسلام کا کام انجام دے کر اپنے رب سے واصل ہوتے رہے مگر ان کے قائم شدہ سلسلے کم و بیش آج تک بلکہ رہتی دنیا تک معرفت کی روشنی سے عالم کو جگمگاتے رہیں گے جنوب مشرقی ایشیاء میں با العموم اور بر صغیر پاک و ہند میں بالخصوص اولیائے کرام، صوفیائے عظام اور بز رگان دین نے اسلام کی تبلیغ اشاعت کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ طریقت کے چاروں سلاسل سے فیض یاب بزرگوں نے اس خطے میں اشاعت دین کے لئے اپنی زندگیاں وقف کیں ان عظیم المرتبت ہستیوں کا تذکرہ اس مختصر مضمون میں تحریر کر نا نا چیز فقیر اور خاکپائے مرشد کے بس کی بات نہیں۔ راقم کو نئی دہلی ( انڈیا) سے دیوان سید علی موسیٰ نظامی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت سید نظام الدین اولیاء محبوب الٰہی کی طرف سے عرس شریف کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے آستانہ نظام الدین اولیاء پر ہر روز بے شمار زائرین و عقیدت مند ملک و بیرون ملک سے حاضر ہوتے ہیں اور گلہائے عقیدت پیش کر کے روحانی کیف و سرور کے ساتھ واپس جاتے ہیں۔ یہ ایک نا قابل تر دید حقیقت ہے کہ حضرات اولیائے کرام کی خانقاہیں و درگاہیں ہر دور میں اشاعت اسلام اور اصلاح سیرت و کردار کا مرکز رہی ہیں مگر افسوس کہ انقلابات زمانہ کی بدولت آج ان مقدس خانقاہوں میں علم و عرفان اور زہد و تقویٰ کی وہ فیض رسانیاں منقود ہو چکی ہیں جو صرف اور صرف انہیںخانقاہوں سے طالبان حق کو حاصل ہو تی تھیں اللہ تعالیٰ کی ذات ہی یکتا اور واحد لا شریک ہے راہ حق میں ہمیشہ تبارک و تعالیٰ کے نیک بندوں نے دنیاوی نمود و نمائش سے بے نیاز ہو کر زندگی کا ہر لمحہ دین و اسلام کی تبلیغ و نشر و اشاعت کے لئے قربان کر رکھا تھا ا س مشن میں صوفیائے کرام و اولیائے کرام جیسی بلند و بالا ہستیاں شامل تھیں کہ جنہوں نے عالم اسلام میں اسلام کا پرچم بلند رکھتے ہوئے وقت کے ہر فرعون اور یزید کا سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مردانہ وار مقابلہ کیا اور کامیابی سے ہم کنار ہوتے رہے ہیں بر صغیر کی تاریخ اس بات کی عیاں ہے کہ حضرت خواجہ خواجگان حضرت معین الدین چشتی سنجری اجمیری ،حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی اوشی ،نورالعارفین حضرت بابا فرید الدین مسعودی گنج شکر، حضرت علائو الدین احمد صابر کلیئر شریف، حضرت سلطان المشائخ خواجہ سید محمد نظام الدین اولیاء محبوب الہی دہلوی، حضرت عثمان المروندی المعروف لعل شہباز قلندر، حضرت سید علی ہجویری داتا گنج بخش، حضرت بری امام سر کار، حضرت بہائوالدین ذکریا ملتانی، حضرت پیر و مرشد سید عبدا لرحمان شاہ با با چشتی صابری ، تمبر پورہ شریف اور پیر و مرشد زینت الفقراء حضرت سید مستان شاہ سر کار حق با با چشتی صابری کی شب و روز محنتوں کا نتیجہ تھا کہ ہم اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں تا ریخ گواہ ہے کہ بزرگان دین اور اولیاء کرام کا کردار نہ صرف بر صغیر پاک و ہند میں بلکہ پورے عالم اسلام میں قابل تحسین رہا ہے ان ہی میں مذکورہ دو منفرد آفتاب محبوب سبحانی اور محبوب الہی یکے بعد دیگر دنیائے آسمان پر جلوہ گر ہوئے سلسلہ چشتیہ میں اس آفتاب محبوب الہی نے بر صغیر ہند میں دینی تبلیغ اور روحانیت کا علم اس شان سے بلند کیا کہ متحدہ ہند کا گوشہ گوشہ اس کے زیر نگیں آگیا بلکہ چشتیہ سلسلے نے ہندوستان کی سرحد توڑ کر مملکت چین میں داخل ہو کر دو خانقاہیں چشتی نظامی قائم کر دیں جو آج بھی قائم ہیں جس کے سر براہ محبوب الٰہی کے خلیفہ مجاز اور بزرگ سوداگر حضرت سالار ہین ین تھے حضرت محبوب الٰہی نسبت کے اعتبار سے حسینی سادات سے ہیں اور ان کا سلسلہ 20واسطوں سے سر کار دو عالم حضرت محمد ﷺ تک بذریعہ حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرہ ؓ بنت رسول ﷺ سے جاملتا ہے سیدنا امام حسنؓ و سید نا امام حسینؓ اگرچہ شان مولا علیؓ ابن ابی طالب ہیں لیکن دنیائے اسلام میں دونوں شاہزادگان ابنان رسول اللہ ﷺ سے معروف ہیں، حضرت محبوب الٰہی کے آبائو اجداد چنگیز خاں کی تخت و تا راج سے متاثر ہو کر بخارا سے ہجرت فر ما کر ملک ہند میں یوپی کے ایک شہر بدایوں میں جو اس وقت اسلام کا گہوارہ تھا مستقل قیام فر ما یا حضرت محبوب الٰہی کی پیدائش اسی شہر میں 636ھ میں ہوئی والد ماجد سید خواجہ احمد کا پہلے ہی وصال ہو گیا تھا اس لئے پرورش کا سا را بوجھ والدہ ماجدہ سیدہ بی بی زلیخا کے سر آگیا آپ کی والدہ ماجدہ اس وقت کی ولیہ کاملہ تھیں لہذا آپ کی پرورش اور علم کے حصول میں فقر و فقہ کشی کا ڈیرہ تھا مگر حصول علم میں والدہ ماجدہ نے کوئی کمی واقع نہیں ہو نے دی آپ نے 12سال کی عمر میں اس وقت کے تمام مروجہ علوم میں مکمل دسترس حاصل کر لی اور آپ کو اس وقت کے کاملین اساتذہ و اکابرین پر آپ کو فوقیت تھی اس کے بعد آپ نے میدان معرفت کی سمت قدم بڑھا یا اور ترقی کی تمام منازل طے فر مانے لگے لیکن ان منازل کو طے کرنے اور کامیابی سے ہمکنار ہونے کے واسطے بھی کسی رہنمائی کی ضرورت تھی چنانچہ اللہ تعالیٰ کی حمایت شامل حال تھی تو آپ کا قلبی میلان حضرت شیخ الاسلام با با فرید الدین گنج شکر کی طرف ہوا اور آپ نے با با صاحب کے حضور حاضر ہو کر قدم بوسی کا شرف حاصل کیا ادھر بابا صاحب بھی حکم خدا وندی سے آپ کے منتظر تھے جس سے آن ہی آن میں تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں۔ مرشد پاک نے دہلی میں سلسلے کو پھیلانے کا حکم صادر فرمایا آپ کو خلق خدا سے سخت اجتناب تھا اس حکم پر آپ کو تامل ہوا تو بابا صاحب نے آسمان کی طرف رخ کر کے فر ما یا اے اللہ تیرے حکم سے نظام کو تیرے بندوں کی بھلائی کے لئے چن لیا ہے اب اسے تیرے حوالے کرتا ہوں کہ یہ اپنے مقصد کو پہنچے اور وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک با با نظام الدین کے حلقہ بگوش اور عقیدت و محبت کرنے والا ایک ایک کر کے جنت میں نہیں چلا جائے گا یہ بندہ جنت میں قدم نہیں رکھے گا سبحان اللہ! ایسے عظیم پیر کا مرید بھی عظیم الشان ہے کہ ان کے معتقدین کو جنتی ہونے کی بشارت دی لہذا سلطان المشائخ محبوب الٰہی نے اسی قول کے مطابق ہر خاص و عام کیلئے تخصیص کو با لائے طاق رکھ کر سلسلہ چشتیہ کو عام کر دیا یوں اللہ اپنے تمام بندوں سے محبت فر ما تا ہے لیکن جو بندے اس کے احکامات کو اس کے احکام کے عین مطابق پورا کرتے ہیں وہ اللہ کے خاص الخاص ہو جاتے ہیں دنیا میں ہر شے کو ان کے لئے مسخر کر دیا جاتا ہے محبوب الٰہی کے دستر خواں کی وسعت کا یہ عالم تھا کہ ہمہ اقسام کی اشیاء موجود ہوتی تھیں شاہ و گدا بیک وقت ساتھ بیٹھ کر کھانا تناول کرتے تھے۔ حضرت سلطان المشائخ نے کبھی بھی کسی بادشاہ سے ملاقات نہیں فرمائی جبکہ نذرانوں کا یہ عالم تھا کہ اشرفیوں اور رائج الوقت روپوں کی تھیلیاں و طباق آتے مگر چند ہی لمحوں میں مساکین و ضرورت مندوں کی حاجت روائی کے لئے تقسیم فر ما دیتے۔ حضرت محبوب الٰہی کی بارگاہ جلال میں حضرت امیر خسرو کو کیا مقام حاصل تھا اس کا اندازہ حضرت نظام الدین اولیاء کے اقوال مبارکہ سے ہو تا ہے آپ فرمایا کرتے تھے اگر قیامت میں مجھ سے سوال کیا گیا کہ نظام الدین تو دنیا سے کیا لے کر آیا ہے تو میں عرض کرونگا کہ ’’ ترک کے سینے کا سوز لایا ہوں‘‘، حضرت محبوب الٰہی حضرت امیر خسرو کو کبھی ترک اور کبھی ترک زادہ کہہ کر پکارتے تھے۔ معتبر روایت ہے کہ حضرت نظام الدین اولیاء کبھی کبھی ان الفاظ کے ساتھ دعا مانگا کرتے تھے ’’ اے اللہ ! اس ترک کے سوز دراں کے طفیل مجھے بخش دے‘‘۔ امیر خسرو جس وقت چاہتے بلا تکلف اپنے پیر و مرشد کی خدمت میں حاضر ہو جاتے یہ ایک منفرد اعزاز تھا جو حضرت نظام الدین اولیاء کے مریدوں میں امیرخسرو کے سوا کسی کو حاصل نہیں تھا۔ حضرت محبوب الٰہی کو عجیب مرض لاحق تھا تمام طبیب تشخیص سے عاجز تھے اور ان کی حکمت حضرت نظام الدین اولیاء کی بیماری کے سلسلے میں بے فائدہ نظر آرہی تھی آپ دن میں کئی بار بے ہوش ہوتے اور پھر ہوش میں آجاتے اسی دوران حضرت شیخ بہائوالدین ذکریا ملتانی کے پوتے حضرت شیخ رکن الدین عیادت کے لئے تشریف لائے حضرت محبوب الٰہی اپنی چارپائی پر تشریف فر ماتھے انہوں نے اپنی چارپائی پر بیٹھنے کے لئے کہا مگر پاس ادب کی وجہ سے حضرت شیخ چارپائی پر نہ بیٹھے آپ کے لئے کرسی لائی گئی آپ اس کرسی پر تشریف فرما ہوئے ابھی ہمیں آپ کی بہت ضرورت ہے حضرت شیخ رکن الدین ابو الفتح نے درخواست کے انداز میں فرما یا اور مجھے یقین ہے کہ اگر آپ صحت کے بارے میں دعا فرمائیں گے تو حق اللہ اسے رد نہیں کریں گے ۔ حضرت شیخ رکن الدین کی محبت آمیز گفتگو سن کر حضرت محبوب الٰہی آبدیدہ ہو گئے اور نہایت پر سوز لہجے میں فر مانے لگے۔ شیخ ! میں نے اپنے آقا ﷺ کو خواب میں دیکھا ہے، سرور کونینؐ فر ما رہے تھے کہ نظام ! ہمیں تمہاری ملاقات کا بہت اشتیاق ہے یہ بات سن کر حضرت رکن الدین ابو الفتح اور دوسرے حاضرین رونے لگے، جس شخص سے سرور کونین ﷺ ملاقات کے خواہاں ہوں وہ زندگی کو موت پر کیسے ترجیح دے سکتا ہے، یہ تو حضرت نظام الدین اولیاء کا شرف خاص تھا کہ آقاؐ نے غلام کو یاد فرمایا، اسی حکم کو سن کر محبوب الٰہی نے دنیا سے دل اٹھا لیا تھا طویل علالت کے بعد 18ربیع الثانی 725ھ صبح صادق کے بعد اور طلوع آفتاب سے قبل 89سال کی عمر میں اس دنیائے فانی سے فارغ ہو کر اپنے اللہ سے واصل ہوئے۔ آپ کا عرس مبارک16ربیع الثانی سے18ربیع الثانی تک دہلی شریف کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ آپ کا مزار پاک بھی دہلی شریف میں عقیدت مندوں کے لئے مرجع خلائق ہے۔





