Column

اداریہ۔۔۔۔

اداریہ۔۔۔۔
پاک افواج کی ملک و قوم کیلئے عظیم خدمات
پاکستان قدرت کا عظیم تحفہ ہے، گزشتہ روز وطن عزیز کا 78واں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، دشمن نے پاکستان کو دُنیا کے نقشے سے مٹانے کے لیے تمام تر حربے اور ہتھکنڈے اختیار کیے، سازشیں کیں، جنگیں مسلط کیں، دُنیا بھر میں پاکستان کے امیج کو تباہ کرنے کے لیے ہزاروں مذموم کوششیں کیں، پاکستان میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے لیے گھٹیا پن کی تمام حدیں عبور کرگیا، بے شمار پاکستانیوں کو اپنے زرخرید غلاموں کے ذریعے دہشت گردی کا نشانہ بنایا، پاکستان پر جنگیں مسلط کیں، لیکن ہر بار ہی دشمن کو منہ کی کھانی پڑی کہ پاکستان کا دفاع پاک افواج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، جو دشمن کے ایڈونچرز کو ہمیشہ سے ناکام بناتی چلی آرہی ہیں۔ اس حوالے سے تازہ معاملہ تین ماہ پُرانا ہے، جس میں آج کی نسل نے بھی دشمن کی عبرت ناک شکست کا بخوبی مشاہدہ کیا اور اپنی افواج کی صلاحیتوں کی معترف نظر آئی۔ بنیان مرصوص کے ذریعے چند گھنٹوں میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اُسے جنگ بندی کے لیے امریکا کے پیر پڑنے پر مجبور کردیا۔ پاک افواج ملک کے دفاع کے ساتھ مضبوطی اور استحکام کے لیے بھی اپنا مربوط کردار ادا کرتی چلی آرہی ہے۔ پاک افواج کا شمار دُنیا کی بہترین فوجوں میں شمار ہوتا ہے، جو محدود وسائل میں بھی عظیم خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ملکی دفاع کے لیے اس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دشمن نے جب بھی پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی، پاک افواج نے اُس کو کرارا جواب دے کر پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔ معرکۂ حق سے اس کی مثال دی جاسکتی ہے۔ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہماری افواج ہمہ دم چوکس و تیار رہتی ہیں اور دشمن کی خوش فہمیوں کو ہوا کردینے میں اُنہیں مکمل مہارت حاصل ہے۔ پاک افواج کا ہر افسر اور جوان وطن پر مر مٹنے کے جذبے سے سرشار ہے۔ بے شمار افسران و جوان ملک پر اپنی جان نچھاور کرچکے ہیں۔ پاک افواج کے شہدا اور غازی قوم کا فخر اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ پاک افواج تمام تر صلاحیتوں سے لیس ہے اور دشمن کے تمام تر عزائم، ہتھکنڈے اور حربے ناکام بنانے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔ اس حوالے سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اظہار خیال کیا ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا جھجک فوری جواب دیا جائے گا، اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے وقف کر دیں گے۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں تمام اہلِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور وطنِ عزیز کی خاطر قربانیاں دینے والے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالم اسلام کا ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے بلکہ یہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی روشن مثال بھی ہے، جہاں مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو شکست دینے کے لیے پاکستان نے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے پہلگام کے افسوس ناک سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اس کی شدید مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، تاہم قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کیا، جو تاریخ میں افواجِ پاکستان کی بہادری اور ولولہ انگیز جذبے کی علامت بن چکا ہے۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح لیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں لیکن اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا جھجک فوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانا ہی مسئلے کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔فیلڈ مارشل نے جدوجہد آزادی کے تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات، بہادری اور ایمان سے لبریز عزم ہماری رہنمائی کا چراغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے اور ہم وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے عہد کیا کہ اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے وقف کر دیں گے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ پاک افواج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح لیس ہے۔ دشمن نے آئندہ بھی کبھی کوئی مہم جوئی کی تو اُس کو بلاجھجک پوری قوت کے ساتھ جواب ملے گا۔ پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا۔ اسے مضبوط اور بہادر افواج کا ساتھ میسر ہے۔ دشمن کے تمام حربے ہمیشہ ناکام رہیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں،دُنیا بھر میں ان کوششوں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان شاء اللہ پاکستان جلد ترقی اور خوش حالی کی منزل کو پانے میں کامیاب ہوگا۔

 

 

 

 

شذرہ۔۔۔
بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں
بھارت میں شائننگ انڈیا کا پرچار بڑے دھڑلے سے کیا جاتا ہے، لیکن درحقیقت بھارت کو مودی نے جتنا گھنائونا ملک بنا ڈالا ہے، دُنیا میں ایسے ملک کی مثال ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتی۔ بھارت جہاں اقلیتیں انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں اور ہندو انتہا پسند اُن پر راج کر رہے ہیں، اُن کے ساتھ بدترین تعصب برتا جارہا ہے، تعلیم کے شعبے میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے مواقع مسدود کر دئیے جاتے ہیں، اُن کی ہتک کی جاتی ہے، اسی طرح ملازمتوں میں بھی اُن کے لیے راہیں بند رکھی جاتی ہیں۔ مودی حکومت کے دور میں اقلیتوں کی حالت خاصی بدتر ہوچکی ہے۔ مسلمان خاص نشانے پر ہیں۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عام ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم انتہائوں پر پہنچا ہوا ہے اور وہاں بسنے والے مسلمان بنیادی حقوق تک سے محروم ہیں۔ قانون نام کی کوئی شے نہیں، انتخابی دھاندلیاں معمول ہیں، اس کے خلاف آواز اُٹھانے پر مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا امریکا نے کچا چٹھا کھول کر دُنیا کے سامنے بیان کر ڈالا ہے۔ امریکا نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ جاری کردی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کے مطابق بھارت میں ماورائے عدالت قتل، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں، بھارتی حکومت پر تنقید کرنے والے میڈیا آئوٹ لیٹس کو ہراساں کیا گیا، بھارتی حکومت پر تنقید کرنے والوں کو گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے، پرامن اجتماع اور دیگر حقوق پر پابندیاں ہیں، امریکا کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امریکا اور پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیخلاف ایک مکالمہ قائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ بات چیت میں دہشت گردی کے خاتمے کا عزم دہرایا، امریکا پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکا نے بھارت کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔ بھارتی عوام میں مودی جیسا انتہا پسند اپنی مقبولیت کھو چکا ہے۔ اگر بھارت کی حکومت نے انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات نہ کیے تو آگے چل کر صورت حال مزید گمبھیر ہوسکتی ہے۔

جواب دیں

Back to top button