اداریہ۔۔۔۔۔

اداریہ۔۔۔۔۔
امریکا کا بڑا اقدام، BLA اور مجید بریگیڈ دہشت گرد قرار
بھارت شرپسند ریاست ہے، جس کا کام ناصرف خطے بلکہ دُنیا کے امن کو خراب کرنا ہے۔ کوئی ایسی ایک نظیر نہیں ملتی جب اس نے دُنیا کے امن کے لیے کوئی کردار ادا کیا۔ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے، جس سے ہمیشہ شر ہی پھوٹتا ہے۔ یہ پچھلے کئی عشروں سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔ وطن عزیز سے تو اسے پچھلے 78 سال سے اللہ واسطے کا بیر ہے۔ پاکستان کے امن و امان کو خراب کرنا اس کا مشن ہے۔ اس کے فنڈز پر پلنے والے دہشت گرد گروہ وطن عزیز میں سالہا سال سی دہشت گردی کی مذموم کارروائیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ بھارت کے حاضر سروس فوجی افسر کلبھوشن یادو کا بیان ریکارڈ پر ہے، جس میں اُس نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا کھل کر اعتراف کیا ہے۔ بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے پچھلے عشروں سے تاحال بھارت نے ایڑی چوٹی کا زور لگاڈالا ہے۔ بھارت کے ٹکڑوں پر پلنے والے شرپسند سادہ لوح عوام کو محرومیوں کے نام پر ہتھیار اُٹھانے پر اُکساتے چلے آرہے ہیں، لیکن اکثر محب وطن بلوچ عوام نے ان کا رد کیا ہے۔ آٹے میں نمک سے بھی کم لوگ ان کے بہکاوے میں آئے اور ہتھیار اُٹھاکر ملک دشمنی کا ثبوت دیا۔ بے شمار بے گناہ انسانوں کو بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سالہا سال کے دوران موت کے گھاٹ اُتار چکی ہیں۔ کے پی کے میں بھی بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد امن دشمنی میں لگے ہوئے ہیں۔ دو، تین سال قبل بھارتی پروردہ دہشت گردوں کی جانب سے پاک افواج کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھی بھارتی فنڈڈ کی بورڈ کے دہشت گردوں نے افواج پاکستان کے خلاف لوگوں کے ذہنوں میں زہر اُگلنے کے لیے تمام حدیں پار کیں، لیکن قوم نے ان تمام ہتھکنڈوں اور پراپیگنڈوں کا ردّ کیا اور وہ پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہر جوان اور افسر کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شہداء اور غازی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ بلوچستان میں اب بھی بھارتی فنڈڈ دہشت گرد تنظیمیں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہر مذموم عمل کررہی ہیں۔ مسافر بسوں سے بے گناہ شہریوں کو اُتار کرکے قتل کردیا جاتا ہے۔ پاک افواج دہشت گردوں کے قلع قمع کے لیے برسرپیکار ہیں اور انہیں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ روز پاکستان کو اہم کامیابی ملی ہے جب کہ بھارت کو بڑی سبکی اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ امریکا نے بھارتی پراکسیز بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔امریکا نے بلوچستان لبریشن آرمی (BLA)اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو باضابطہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کا تسلسل ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے پاکستان میں متعدد جان لیوا پُرتشدد حملوں کی ذمے داریاں قبول کیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں میں بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوم شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور اہم انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ نے کئی ہائی پروفائل حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے، جن میں انسانی جانوں کا شدید نقصان ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے ان حملوں پر تادیبی کارروائی عالمی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں گروپ عسکریت پسندی کو بطور ہتھیار استعمال کررہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے، امریکا کی جانب سے کسی گروپ کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد ان کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کردیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایسی تنظیموں اور افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کا مالی یا مادی تعاون غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح امریکی شہریوں کے لیے ان گروہوں سے رابطہ رکھنا یا مدد فراہم کرنا قانونی جرم بن جاتا ہے۔ یاد رہے کہ بی ایل اے نے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور گوادر پورٹ کمپلیکس پر ہونے والے حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ اسی طرح 2023ء میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے میں بھی بی ایل اے نے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، جس میں 31افراد شہید اور 300سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے۔ یہ حملے نہ صرف پاکستان کے لیے قومی سانحات بنے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر کے طور پر دیکھے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے سے ان گروہوں کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کو شدید دھچکا لگے گا اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو عالمی حمایت ملے گی۔ پاکستان کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے دہشت گرد قرار پانے سے پاکستان کے اصولی موقف کی جیت ہوئی ہے اور پاکستان کو سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ملی ہے جب کہ بھارت کو بدترین ہزیمت اور رُسوائی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ اُس کی خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں کا پردہ فاش ہوا ہے۔ امریکا کے انہیں دہشت گرد قرار دینے سے بھارتی مذموم کوششوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ بھارتی شرافت کا لبادہ تو بہت پہلے ہی اُتر چکا ہے۔ اب بھارت کی ہزیمتوں اور ذلتوں کے سلسلے جاری ہے۔ معرکہ حق میں پاکستان کی ہر محاذ پر شاندار فتح کے بعد دُنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور اعتبار بے پناہ بڑھ رہا ہے جب کہ بھارت اپنی حرکتوں کی وجہ سے ذلتوں کی اتھاہ گہرائیوں میں گرتا چلا جارہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان اور فتنہ خوارج کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ اُنہیں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بہت سارے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو مارا اور گرفتار کیا جاچکا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کے خلاف بڑی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان کی افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور وطن عزیز جلد ہی تمام دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں سرخرو ہوگا۔
شذرہ۔۔۔۔
لینڈنگ سلائیڈنگ، 8رضاکار جاں بحق
اس سال مون سون کی بارشیں میں ناصرف اضافہ دیکھنے میں آیا، بلکہ ان کے نتیجے میں ناصرف سیلابی صورت حال نے جنم لیا، بلکہ سیکڑوں لوگ اپنی زندگی سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے۔ ملک بھر میں اس وقت بھی مون سون کے اسپیلز جاری ہیں، بارشوں کے دوران مختلف حادثات و واقعات میں ملک کے طول و عرض میں سیکڑوں لوگ زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ بہت سے علاقوں میں صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس کے سبب 8رضا کار اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلگت کے دنیور نالہ میں مقامی رضاکار سیلاب متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کا کام کر رہے تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 8رضا کار جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے جب کہ خدشہ ہے کہ مزید لوگ ملبے تلے دبے ہیں۔ مقامی افراد کی ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ ہنزہ کے شیشپر گلیشیئر کے بپھرنے سے نالے میں پانی کے بہا میں خطرناک اضافہ ہوچکا ہے۔ زرعی زمینیں، درخت، کھیت اور قیمتی املاک تباہ ہوگئیں۔ شاہراہ قراقرم میں کٹا کے باعث ہنزہ کی ٹریفک معطل ہے، جسے متبادل نگر روڈ سے گزارا جارہا ہے۔ سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی کام جاری ہے۔ ادھر آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی میں برساتی نالے میں ڈوب کر 2کمسن بھائی جاں بحق ہو گئے ، مقامی افراد نے لاشیں نکال لیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے بدھ سے مون سون بارشوں کے اگلے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 8رضاکاروں کا جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دل خراش ہے۔ اس پر پوری قوم درد کی کیفیت کا شکار ہے۔ ملک بھر میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ موسم انتہائی احتیاط کا متقاضی ہے۔ شہریوں کو ایسے موسم میں غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ بجلی کے استعمال میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ بارشوں میں احتیاط کا دامن ہر صورت تھامے رکھیں۔





