بھارت کو شکست، پاکستان کا وقار بلند ہوا

بھارت کو شکست، پاکستان کا وقار بلند ہوا
معرکہ حق میں ملنے والی بدترین ہزیمت سے بھارت کبھی پیچھا نہیں چھڑا سکے گا۔ پہلگام ڈرامہ رچا کر پانچ منٹ کے اندر الزام پاکستان پر دھرنے والا بھارت اندر ہی اندر اپنی کامیابی کا جشن منا رہا تھا۔ پہلگام دراصل بھارت کا ہی رچایا ہوا ایک ڈرامہ تھا، جس کے بعد بھارتی حکومت اور اُس کے میڈیا کی زبانیں ناصرف جھوٹ بلکہ پاکستان کے خلاف آگ اُگل رہی تھیں۔ ایسے ایسے جھوٹ بولے جارہے تھے کہ مسولینی ہوتا تو وہ بھی شرم سے پانی پانی ہوجاتا۔ لفظی گولا باریوں سے ماحول کو گرم رکھنے کی پوری کوشش کی جارہی تھی۔ دوسری جانب پاکستان دانش مندی سے بھارتی الزامات کا موثر اور مدلل جواب دے رہا تھا۔ کچھ روز تک لفظی گولا باریوں کے بعد بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا۔ شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا، جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ پاک افواج نے دفاع وطن کی ذمے داری احسن انداز میں نبھائی اور دشمن کے تمام حملوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ ناکام بنایا۔ دشمن جدید جنگی طیاروں کے ساتھ حملہ آور ہوا تو پاک افواج نے دفاع کے دوران ہی 6بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ ان میں رافیل طیارے بھی شامل تھے، جنہیں معرکہ حق سے قبل تک ناقابل شکست تصور کیا جاتا تھا۔ بھارت خود تو ڈوبا رافیل طیارہ ساز کمپنی کی ساکھ کو بھی برباد کر بیٹھا۔ اگلے روز سے اسرائیلی ساختہ ڈرونز سے حملے کیے جاتے رہے، جنہیں جانفشانی کے ساتھ پاک افواج ناکام بناتی رہیں۔ ترجمان پاک فوج نے اُس وقت کہا تھا کہ پاکستان جب حملہ کرے گا تو دُنیا دیکھے گی۔ پاکستان واقعی جب حملہ آور ہوا تو محض چند گھنٹوں میں ہی دشمن کی گگھی بندھ گئی۔ اُس کے کئی سارے اہم ٹھکانے اور تنصیبات تباہ کرڈالی گئیں۔ جہاں سے پاکستان پر حملے کیے جارہے تھے، اُن مقامات کو انتہائی کامیابی کے ساتھ نیست و نابود کیا گیا۔ بھارت کے غرور اور تکبر کے بُت پاش پاش ہوگئے۔ امریکا کے پائوں پڑنے لگا کہ جنگ بندی کروائو۔ صدر ٹرمپ کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ اُس وقت پورے بھارت کو سانپ سونگھا ہوا تھا۔ بھارتی وزیراعظم مودی بغلیں جھانکتے نظر آتے تھے۔ پشیمانی اُن کے چہرے پر موجود رہتی تھی۔ کچھ دن تو یہی صورت حال رہی۔ جب تھوڑے حواس بحال ہوئے تو جھوٹے بھارت نے پھر سے دروغ گوئی کی سیڑھیاں چڑھتے کو جھوٹ کو پھیلانے کی کوشش کی، لیکن اُس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ دُنیا بھارت کی اصلیت جان چکی تھی۔ پورے بھارت کی ذلت و رسوائی ہوچکی تھی۔ اب امریکا کی نظر میں بھی بھارت کی کوئی وقعت نہیں رہی۔ ٹرمپ کی جانب سے پچھلے مہینوں سے اب تک کیے گئے بھارت مخالف اقدامات اس بات کی واضح دلیل ہیں۔ گزشتہ روز اُنہوں نے بھارت پر 25فیصد ٹیکس اور جرمانہ عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ مودی کے ایڈونچرز نے بھارت کی بُری درگت بنا ڈالی ہے، بھارتی عوام کے سر جھکا ڈالے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، پاک امریکا تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہوچکی۔ جنگ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ ہماری مسلح افواج نے انتہائی مختصر وقت میں دشمن کی غلط فہمی دور کردی، فوج نے بھرپور تیاری، دلیری اور مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔ شکست خوردہ بھارت کو اقوام عالم میں ذلت آمیز رسوائی کا سامنا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم نے جنگ رکوائی، امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قوم کو فتح مبین کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 9مئی کے معرکہ حق میں پاک فوج نے دلیری اور مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا، دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ہماری فضائی، برّی اور بحری افواج نے بہادری، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے بہت ہی کم وقت میں اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، میں ایک ایک لمحے کا گواہ ہوں، پاکستان نے بھارت کو جنگ میں تاریخی شکست دی، یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار کہا کہ ہم نے جنگ رکوائی، امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہوجاتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے قومی سلامتی کے ضامن ہیں، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عسکری فتح کے ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی ملی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے، افراط زر کی شرح میں5فیصد کمی آئی ہے، معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ معاشی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، آنے والے دنوں میں معاشی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ معرکہ حق کی شکست مودی کے لیے وہ داغ ہے، جسی وہ ساری زندگی نہیں دھو سکتے اور نہ ہی فراموش کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے درست کہا کہ جب بھی ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رُکوانے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہیں تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہوجاتے ہیں۔ بھارت کی غلط فہمی دُور کی جاچکی ہے۔ پاک افواج نے اپنی سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملاکر ملک و قوم کا سر اقوام عالم میں فخر سے بلند کر دیا۔ عساکر پاکستان ہر لحاظ سے داد و تحسین کے مستحق ہیں۔ معرکہ حق کی کامیابی دشمن کے لیے ہمیشہ سوہانِ روح ثابت ہوگی۔ پاکستان کا اعتبار اور وقار دُنیا بھر میں بہت بلند ہوا ہے جب کہ بھارت ساری دُنیا میں اپنا اعتبار کھو چکا ہے۔ پاکستان تیزی سے ترقی اور خوش حالی کی جانب گامزن ہے۔ معیشت بہتر ہورہی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے بھی اظہار خیال کیا ہے۔ یقیناً کچھ ہی برسوں میں حالات خاصے بہتر ہوجائیں گے۔
گردوں کی غیرقانونی
پیوندکاری میں ملوث گروہ گرفتار
ملک میں صحت کے حوالے سے صورت حال کبھی بھی تسلی بخش نہیں رہی۔ ہمارے اکثر عوام کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ ادویہ اتنی گراں ہیں کہ لوگ سوچتے ہیں اہل خانہ کا پیٹ پالیں یا علاج کرائیں۔ یہاں بہت سے مسیحائی کے نام پر وہ گھنائونا کام سرانجام دے رہے ہیں کہ بیان سے باہر ہے۔ دولت کے حصول کے لیے بعض ضمیر فروش مجبور اور بے کس لوگوں سے انتہائی سستے داموں گردہ خریدتے اور بیرون ملک سے بک کرائے گئے فرد کو لاکھوں، کروڑوں روپے میں وہ فروخت کرڈالتے ہیں۔ وطن عزیز میں سالہا سال سے انسانی اعضاء خصوصاً گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کا قبیح دھندا جاری ہے۔ اس میں بہت سارے گروہ ملوث ہیں، جو بیرون ملک مقیم گردے کے مریضوں کو منہ مانگی قیمتوں پر گردے فروخت کرکے صحت کی نعمت سے مالا مال کرتے ہیں۔ باوجود کوششوں کے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری اور خرید و فروخت میں ملوث عناصر کا مکمل قلع قمع نہیں کیا جاسکا ہے۔ گزشتہ روز بھی انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث ایک گروہ پکڑا گیا ہے۔ ایک کامیاب کارروائی میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گروہ کو نجی اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی سربراہی میں پولیس اور محکمہ صحت نے شیخوپورہ کے ایک نجی اسپتال میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا جب کہ اسپتال کو سیل کر دیا گیا۔ ٹرانسپلاٹ اتھارٹی کے مطابق ڈاکٹر وقاص مصطفیٰ سمیت 8افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں دو خواتین، آپریشن تھیٹر ٹیکنیشنز، ایجنٹس اور عملے کے افراد شامل ہیں۔ ڈی ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکٹر وقاص مصطفیٰ ہی مذکورہ اسپتال کا مالک ہے۔ مذکورہ گروہ منظم طریقے سے انسانی اعضا کی خرید و فروخت اور غیر قانونی ٹرانسپلانٹیشن میں ملوث تھا۔ اس غیر قانونی کام کے لیے لاکھوں روپے معاوضہ وصول کیا جاتا تھا۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے بتایا کہ مذکور گروہ نے گردے کی غیر قانونی پیوند کاری کے لیے 70لاکھ روپے وصول کیے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ فیصل آباد روڈ پر نجی اسپتال میں مزدور محسن کا گردہ نکالا گیا اور غیر ملکی خاتون کو غیر قانونی طور پر ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔ گردہ لاکھوں روپے کے عوض مذکورہ خاتون کو فروخت کیا گیا۔ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کی گرفتاری احسن قدم ہے۔ ضروری ہے کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے قبیح دھندے کے مکمل خاتمے کے لیے قدم بڑھائے جائیں۔ اس حوالے سے موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے، جس کے تحت کریک ڈائون کیا جائے اور اس دھندے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔





