Column

حق کی جیت اور جھوٹ کی ہار

حق کی جیت اور جھوٹ کی ہار
رواں ماہ حق باطل پر نا صرف غالب آیا بلکہ اُسے تاریخ کی بدترین شکست دیتے ہوئے رُسوائیوں کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل بھی ڈالا۔ دشمن ملک کی حکومت اور میڈیا جھوٹ در جھوٹ پیش کرکے، پروپیگنڈوں کے ذریعے جیت اپنے حق میں کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے تھے۔ اس دوران بھارتی حکومت اور اُس کے گودی میڈیا نے مضحکہ خیزیوں میں سب کو پیچھے چھوڑ ڈالا تھا۔ ایسی ہی کچھ مضحکہ خیزیوں میں لاہور کی بندرگاہ پر قبضہ، راولپنڈی سٹیڈیم اور کراچی پورٹ کو تباہ کرنے جیسی چول بھی شامل تھیں۔ بھارتی میڈیا کے تئیں بھارت کے رافیل طیاروں کے ذریعے دشمن پاکستان پر قبضہ کر چکا تھا۔ ان تمام چولوں پر نا صرف پاکستانی بلکہ ساری دُنیا ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہورہے تھے۔ بھارت کا میڈیا ’ کامیڈیا‘ بن چکا تھا، جس میں سنجیدگی تھی اور نہ دُنیا میں کوئی بھی ان پر اعتبار کرنے کو تیار تھا۔ پہلگام ڈرامہ رچانے کے بعد مودی جی جہاں غرور اور تکبر کی انتہائوں پر تھے، وہیں پاکستان پر الزام کی بوچھاڑ کرکے حملوں کا جواز گھڑنے کے لیے بے صبری کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان رہنے والی اس کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا ایک بار پھر پوری دُنیا کے سامنے نا صرف ایکسپوز ہوگیا بلکہ بھارت پر پچھلے 11سال سے راج کرنے والی مودی سرکار کے جھوٹوں کا پردہ بھی فاش ہوگیا۔ اس دوران نا صرف پاکستان کے میڈیا نے ذمے دارانہ اور حقائق پر مبنی اطلاعات کو دُنیا کے گوش گزار کرکے حق کا پرچم بلند رکھا، بلکہ ہمارے نوجوانوں نے بھی سوشل میڈیا پر بھارتی پراپیگنڈوں کا احسن انداز میں توڑ کرکے دشمن کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ حکومت پاکستان نے بھی عالمی سطح پر اس معاملے میں دانش، بردباری کا مظاہرہ کیا۔ یوں پاکستان کی افواج نے ناصرف جنگ میں بھارت کو شکست فاش دیتے ہوئے اُس کی برتری کے زعم کو خاک میں ملایا، بلکہ میڈیا، نوجوانوں اور سیاسی سطحوں پر بھی حق گوئی کے ذریعے بھارت کو تاریخی ہزیمت سے دوچار کیا۔ بھارت اپنے جھوٹ کے باعث رُسوا ہوا اور یہ بات ایک بار پھر سچ ثابت ہوئی کہ جھوٹ چاہے جتنا بولا جائے، کبھی سچ اور حق پر غالب نہیں آسکتا۔ اُس کا منہ کالا ہی ہوتا اور سچ کا بول بالا ہوتا ہے۔ حق کا پرچم بلند رکھنے پر میڈیا، نوجوانوں اور حکومت پاکستان کا کردار سراہے جانے کے قابل ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کو بھارتی پراپیگنڈوں کے سامنے ’’ آہنی دیوار’’ قرار دیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کو ’’ فولادی دیوار‘‘ قرار دے دیا جبکہ معرکہ حق کے دوران دُور اندیشی اور اسٹرٹیجک بصیرت پر سیاسی قیادت سے اظہار تشکر کیا اور آپریشن ’’بُنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی میں تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے پاکستانی سائنس دانوں، انجینئروں اور سفارت کاروں کی شاندار خدمات کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سائنس دانوں، انجینئروں اور سفارت کاروں کی پیشہ ورانہ
مہارت اور عزم نے پاک بھارت تنازع کے دوران کلیدی کردار ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت کو عشائیہ دیا، جس میں معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران سیاسی قیادت، مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم اور عوام کے ناقابل شکست جذبے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ عشائیے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزرا، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سربراہان فضائیہ و بحریہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام اور تینوں افواج کے سینئر افسر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے بھارتی پراپیگنڈے کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے غیر متزلزل کردار کو بھی سراہا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کو ’’ فولادی دیوار’’ قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عشائیے کا مقصد معرکہ حق اور آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان بہترین ہم آہنگی کو خراج تحسین پیش کرنا تھا، تقریب کے شرکا نے قوم کو مشکل وقت میں متحد کرکے آگے بڑھانے والی باشعور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ مسلح افواج کے عزم، بہادری اور قربانی سمیت پاکستانی قوم کی حب الوطنی کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران اسٹرٹیجک دور اندیشی پر سیاسی قیادت سے اظہار تشکر کیا اور آپریشن بُنیان مرصوص میں آپریشنل کامیابی کو یقینی بنانے پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا، انہوں نے بھارت کی طرف سے چلائی جانے والی ڈس انفارمیشن مہم کا مقابلہ کرنے میں پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو بھی سراہا، جو مذموم بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف ایک ’ آہنی دیوار‘ ثابت ہوئے جب کہ فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنس دانوں، انجینئرز اور سفارت کاروں کی شاندار خدمات کو بھی سراہا، جن کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم اس معرکے میں نمایاں رہی۔ آخر میں ان کا مزید کہنا کہ آج کا دن قومی یکجہتی، نئی طاقت اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنے کے اجتماعی عزم کو جلا بخشتا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ سیاسی قیادت نے اپنی ذمے داری احسن انداز میں نبھائی۔ اس میں شبہ نہیں کہ معرکہ حق کے بعد بھارت دُنیا بھر میں اپنا اعتبار کھو چکا ہے۔ چند ایک ملکوں کو چھوڑ کر دُنیا میں کوئی اُس پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ ہر طرف سے اُس پر لعن طعن جاری ہے جب کہ پاکستان کے کردار کو خوب سراہا جارہا ہے۔ بھارت کی ڈس انفولیب تو چند سال پہلے ہی دُنیا بھر میں بے نقاب ہوچکی تھی۔ بھارت کے میڈیائی ادارے جھوٹ گھڑنے کی فیکٹریاں کہلاتے ہیں۔ مودی جی اپنی سیاست کے جہاز کو غرقاب کر چکے ہیں۔ اپنے پیر پر خود کلہاڑی مار چکے ہیں۔ پاکستان تیزی سے مقبولیت کی جانب بڑھ رہا ہے جب کہ بھارت کو مودی جی کے جنگی جنون، ہٹ دھرمی، انتہاپسندی، جھوٹ، پراپیگنڈوں نے پستیوں کا شکار کر ڈالا ہے۔
پنجاب: طوفانی بارشیں
14شہری جاں بحق
بارشوں کو رحمت قرار دیا جاتا ہے اور درحقیقت ایسا ہے بھی۔ پچھلے 15، 20سال کے دوران ہونے والی بارشیں مسلسل سیلابی صورتحال کا باعث بنتی چلی آئی ہیں۔ اس کی وجہ لگ بھگ چار پانچ عشروں سے ملک میں بڑے آبی ذخائر کی عدم تعمیر ہے۔ حالانکہ اس دوران ملکی آبادی میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور موجودہ آبی ذخائر آبادی کے تناسب سے خاصے کم ہیں۔ اس عرصے کے دوران پڑوسی ملکوں نے اپنے ہاں انتہائی سُرعت کے ساتھ آبی ذخائر کی تعمیر پر توجہ دی جبکہ یہاں جب بھی کبھی کسی بڑے ڈیم کی تعمیر کی بات ہوئی تو اُسے سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے لیے اکثر حلقے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے نظر آئے۔ یوں ملک و قوم کے مفاد کے لیے انتہائی ناگزیر منصوبے فائلوں تک ہی محدود رہے۔ دو سال قبل بھی ہونے والی تیز بارشیں پاکستان میں بدترین سیلاب کا باعث بنی تھیں، سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا، سیلاب کے نتیجے میں پونے دو ہزار کے قریب شہری جاں بحق ہوئے تھے، بے شمار مویشی سیلاب کی نذر ہوگئے تھے۔ کروڑ سے زائد لوگوں کو بے گھری کا عذاب جھیلنا پڑا تھا۔ گزشتہ روز پنجاب میں تیز بارشوں کے باعث14شہریوں کی زندگی کے چراغ ناصرف گل ہوگئے بلکہ 92افراد زخمی بھی ہوئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کو صوبہ بھر میں طوفان کے باعث نقصانات سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر ہونی کے باعث ہوئیں۔ طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24؍7جاری ہے۔ طوفانی بارشوں سے14افراد کے زندگی سے محروم ہوجانا افسوس ناک واقعہ ہے۔ طوفانی بارشیں احتیاط کا تقاضا کرتی ہیں۔ اس دوران شہری خراب موسم کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گھروں یا محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔ آسمانی بجلی سے بچائو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے، انہیں بوسیدہ عمارتوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button