Column

پانی روکنے کی کوشش بھارت کو مہنگی پڑے گی

پانی روکنے کی کوشش
بھارت کو مہنگی پڑے گی
پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے کا امن اسے بے حد عزیز ہے۔ اس امر کا ثبوت پچھلے ہفتوں بھارت کی جانب سے رچائے گئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور اس کی آڑ میں پاکستان پر حملوں کا بھارتی جواز گھڑنے سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ پاکستان نے امن پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جسے بھارت کسی خاطر میں نہیں لیا۔ صاف واضح تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی صرف اور صرف جنگ چاہتے تھے۔ اُنہیں جیسے پختہ یقین تھا کہ بھارت پاکستان کو زیر کرلی گا۔ بھارتی لفظی گولا باریاں جاری رہیں، جھوٹ در جھوٹ بولا جاتا رہا، پاکستان کے خلاف اقدامات کیے جاتے رہے۔ پانی بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی رہیں، جس پر پاکستان کی جانب سے دوٹوک اور واضح جواب دیا گیا کہ پانی بند کرنے کا اقدام جنگ تصور ہوگا۔ چند روز بعد ہی بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کا آغاز کردیا گیا، شہری آبادیوں پر حملے کیے گئے، اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جنہیں پاک افواج نے انتہائی مہارت سے ناکام بناتے ہوئے دشمن کے 6جہاز مار گرائے۔ درجنوں ڈرونز مار گرائے گئے۔ چار روز تک بھارت پاکستان کو فتح کرنے کے لیے حملے کرتا رہا۔ اس دوران 40عام شہری جبکہ 13جوان شہید ہوئے۔ جب پاکستان نے 10مئی کی علی الصبح آپریشن بُنیان مرصوص کے ذریعے منہ توڑ جواب دیا تو دشمن محض کچھ گھنٹوں میں ہی گھٹنوں پر آگیا اور امریکا سے جنگ بندی کی بھیک مانگنے لگا۔ پاکستان خطے کے امن کی خاطر جنگ بندی پر آمادہ ہوا۔ ابھی سیزفائر کو 9، 10روز گزرے ہیں۔ ابتدائی کچھ دنوں تک شکست خوردہ بھارت کو سانپ سونگھا ہوا تھا۔ دُنیا بھر کی لعن طعن اس پر برس رہی تھی۔ امریکا کی جانب سے بھارت کے خلاف کچھ اقدامات کیے گئے۔ بھارت کی مودی حکومت اپنے زخم چاٹ رہی تھی۔ جھوٹا بھارتی میڈیا گنگ تھا۔ اب پھر سے پورا بھارت اپنا خبث باطن ظاہر کررہا ہے۔ مختلف جوانب سے پاکستان مخالف آوازیں اُٹھ رہی ہیں۔ بزدل دشمن کی جانب سے پانی بند کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور بھی نہ جانے کیا کیا کہا جارہا ہے، لیکن بزدل دشمن پھر خوش فہمی میں ہے۔ اگر اب اُس نے کوئی بھونڈی سازش کی تو اس کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔ ترجمان پاک فوج نے بھی اسی تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے معرکۂ حق میں تاریخی فتح کے حوالے سے ڈوزیئر کا اجرا بھی کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کی شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کا پانی روکنے کی جرأت نہ کرے، بھارت نے پانی روکا تو پاکستان کے ردّعمل کے نتائج برسوں اور دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ برطانوی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پانی کے معاملے پر بھارت کو واضح کرچکی ہے، فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، 24کروڑ سے زائد لوگوں کا پانی روکنے کا کوئی پاگل آدمی ہی سوچ سکتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت ایسا کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا، امید کرتے ہیں ایسا وقت نہ آئے لیکن آیا تو دنیا ہمارے اقدامات دیکھے گی، بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو برسوں اور دہائیوں تک اس کے نتائج محسوس کیے جائیں گے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کیے گئے وعدوں کی مکمل پاسداری کرتے ہیں، ہم سیاسی حکومت کی ہدایات کو مکمل طور پر مانتے اور ان کے عزم کا پاس رکھتے ہیں، پاکستانی فوج کی طرف سے یہ جنگ بندی برقرار رہے گی، فریقین کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کیے گئے ہیں، اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ ہوگا اور موقع پر ہوگا، جواب صرف ان ہی چوکیوں اور مقامات پر ہوگا جہاں سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں تصدیق کرسکتا ہوں کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000ہے، ہم نے صرف طیاروں کو نشانہ بنایا، مزید کارروائی کرسکتے تھے مگر ہم نے ضبط کا مظاہرہ کیا، حملوں کے باوجود ہمارے تمام فضائی اڈے مکمل فعال ہیں، پاک فضائیہ کے پاس ایسے وسائل ہیں جن کی مدد سے فوری اڈوں کو فعال کیا جاسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر پالیسی، ظلم و جبر اور کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش ناکام ہوچکی ہے، جب تک بھارت بات چیت نہیں کرتا دونوں ممالک مسئلے کا حل نہیں نکالتے، تنازع کی آگ بھڑکنے کا خطرہ موجود رہے گا۔ مزید برآں معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح پر بھارتی جارحیت اور جھوٹ بے نقاب کرکے ڈوزیئر بھی جاری کردیا گیا، ڈوزیئر میں واضح کیا گیا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے البتہ اپنی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جاری ڈوزیئر میں پہلگام فالس فلیگ اور بھارتی جارحیت کے ناقابل تردید شواہد شامل ہیں، ڈوزیئر میں بھارتی میڈیا اور ’’را‘‘ سے منسلک سوشل میڈیا اکائونٹس کی پاکستان مخالف منظم مہم کے ناقابل تردید شواہد بھی پیش کردیے گئے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے پہلگام فالس فلیگ کے فوری بعد جھوٹی خبریں پھیلائیں اور پروپیگنڈا کرکے جنگ کا ماحول بنایا، بین الاقوامی میڈیا، بھارتی سیاستدانوں اور عوام نے پہلگام فالس فلیگ اور بھارتی میڈیا کے گھنائونے کردار پر سوال اٹھائے۔ رپورٹ کے مطابق ڈوزیئر میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے مخلصانہ کاوشوں کا بھی ذکر ہے، بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملے میں معصوم پاکستانی بچے، خواتین اور شہری شہید ہوئے۔ ڈوزیئر میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع اور بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا، پاکستان کی بہادر افواج نے بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں صرف بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ترجمان پاک فوج کا فرمانا بالکل بجا ہے۔ دشمن کو پانی روکنے سے پہلے سو بار انجام کو سوچنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی افواج جو کہتی ہیں، وہ کر دِکھاتی ہیں۔ آپریشن بُنیان مرصوص سے قبل جو کچھ پاک فوج کی جانب سے کہا گیا، وہ قوم کو اور دُنیا کو کرکے دِکھایا گیا۔ لہٰذا بھارت نے مزید کوئی اوچھا ہتھکنڈا آزمایا تو اس کے سنگین نتائج بھگتے گا۔بھارت کی سبکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر کوئی اور اوچھی حرکت کی تو مزید رُسوائی مقدر ہوگی۔
آئی ٹی برآمدات میں بڑا اضافہ
ایک سال چار ماہ پہلے تک ملکی معیشت کی حالت کسی طور درست نہ تھی۔ اُس وقت اقتدار کانٹوں کی سیج سے کم قرار نہیں دیا جارہا تھا۔ فروری 2024ء میں عام انتخابات کا انعقاد عمل میں آیا، ان میں کوئی بھی سیاسی جماعت تن تنہا اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ پھر میاں شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت کا قیام عمل میں آیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی معیشت کو مستحکم اور مضبوط بنانے پر تمام تر توجہ مرکوز رکھی۔ تمام تر شعبۂ جات میں اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا۔ آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔ عالمی سطح پر آئی ٹی کے میدان میں پاکستان کو اہم مقام دلوانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے سنجیدہ کوششیں جاری رکھیں۔ وزیراعظم اور اُن کی ٹیم کی جانب سے کی گئی کاوشوں کے مثبت نتائج پچھلے کئی ماہ سے مختلف شعبوں میں ظاہر ہورہے ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے کے حوالے سے حوصلہ افزا اطلاعات ہیں۔ ایک سال کے دوران آئی ٹی برآمدات میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ جولائی 2024ء سے اپریل 2025ء میں ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ 3.14ارب ڈالر کو پہنچ گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ 3.2ارب ڈالر کی سطح پر تھیں، تمام سروسز سیکٹر کے مقابلے میں آئی ٹی میں ٹریڈ سرپلس سب سے زیادہ ہے، جو معیشت کے لیے بہت بڑی خوش خبری ہے، ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم کے نتیجے میں 700ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا راستہ کُھلا ہے، اس میں ایم اوز نہیں بلکہ معاہدے اور کنٹریکٹ سائن ہوئے اور اگلے چند سال میں پاکستان میں 70کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آتی ہوئی نظر آئے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے اور آئی ٹی کی ترقی میں وزیراعظم کی کاوشیں ہیں۔ آئی ٹی برآمدات بڑھنا خوش آئند ہے۔ اس سلسلے کو یہیں نہیں رُکنا چاہیے، بلکہ مزید آگے بڑھانا چاہیے۔ آئی ٹی کے شعبے میں مزید اصلاحات اور انقلابی اقدامات کی گنجائش موجود ہے۔ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ملک کو آئی ٹی میں اہم مقام دلوانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button