
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آپ کو لوگ کہتے تھے کہ یہ (فوج) اپنا کام نہیں کرتے۔ آج ان سے سوال کریں کہ کیا فوج نے اپنا کام کیا ہے یا نہیں؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسلام آباد کے سکول میں طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران اپنے خطاب میں مزید کہا کہ فوج اپنے کام سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انھوں نے طلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’کیا ایسے لوگوں کا آپ محاسبہ نہیں کریں گے کہ تم کون ہوتے تھے جو اپنی فوج کے خلاف بات کرتے تھے۔‘
انھوں نے کہا کہ اس ملک کے لیے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اس سے ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
’جس طریقے سے آپ نے پاکستان کے لیے اور پاکستان کی فوج کے لیے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے اسے دیکھ کر میں بہت یقین اور وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف محفوظ ہاتھوں میں ہے بلکہ بہت روشن اور تابناک ہے۔‘
اپنے خطاب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نوجوانوں کی ملک کے لیے کاوشوں کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ جو دہشت گردی آپ کو پاکستان میں نظر آتی ہے اس کے پیچھے انڈیا ہے۔
’جب عوام اور فوج اکھٹے ہوں گے تو اس ملک میں کوئی دہشت گرد نہیں بچے گا۔‘
خطاب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پورے ملک کے اساتذہ کو پاک فوج کی جانب سے سلام بھی پیش کیا۔







