
بھارت کی طرف سے پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کی ایک اور کوشش بری طرح ناکام بنادی گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج نے 12 شہروں میں بھارتی ہیرون ڈرون مار گرائے۔ ان شہروں میں گوجرانوالہ، ڈہرکی، چکوال، شیخوپورہ، اور گجرات شامل ہیں۔ ایک ڈرون کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی گئی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے، پاک فوج نے لاہور، گوجرانولا، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی سمیت 12 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرون گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ایک بھارتی ڈرون پاکستانی فوجی تنصیب سے ٹکرانے میں کامیاب ہوا جس میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے اور عسکری سامان کو معمولی نقصان پہنچا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے۔
ڈرونز کے مقام کی تفصیلات
واضح رہے کہ سب سے افسوسناک واقعہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں پیش آیا، جہاں بارڈر کے قریب گرنے والے بھارتی ڈرون کے دھماکے سے ایک کسان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈرون کے ملبے کو سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
چکوال کے تھانہ ڈھمن کی حدود میں دیوالیاں گاؤں کے قریب بھی ایک ڈرون گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق گرنے سے قبل سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ڈرون کے بھارتی ساختہ ہونے کے شواہد ملے ہیں، جن کی تحقیقات پولیس اور حساس ادارے کر رہے ہیں۔
شیخوپورہ کے گاؤں باہومان میں بھی پاک فوج نے دشمن کا ایک اور ڈرون مار گرایا، جو کھیتوں میں گرا۔ یہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
گجرات کے علاقے پیر جنڈ میں گرنے والے بھارتی ڈرون کے دو ٹکڑے الگ الگ جگہوں پر گرے۔ ایک حصہ کھیتوں میں جبکہ دوسرا ایک شہری مہندی خان کے گھر کی چھت توڑتا ہوا اندر جاگرا۔ خوش قسمتی سے کمرے میں کوئی فرد موجود نہ ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ کے قریب بھی بھارت کی جانب سے سرحد پار سے آپریٹ کیا جانے والا 5 سے 6 فٹ لمبا ڈرون گرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا۔ ڈرون کو سسٹم جام کر کے گرایا گیا، جس کے دوران ایک زوردار دھماکہ بھی سنا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔
کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی ایک ڈرون گرایا گیا، جہاں ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ ہو چکی ہیں۔
راولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ میں بھی مبینہ طور پر ڈرون گرائے جانے کی اطلاعات آئیں۔ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نےجائے وقوعہ کو سیل کردیا۔
ننکانہ صاحب میں بھی تھانہ شاہکوٹ کی حدود میں بھارتی ڈرون مار گرایا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈرون کے ملبے کو قبضے میں لے لیا گیا۔







