
پاک فوج نے کہا ہے کہ اس نے 7 اور 8 مئی کے درمیان انڈیا کی جانب سے آنے والے 12 ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا ہے کہ گذشتہ رات انڈیا نے پاکستانی حدود کی دوبارہ خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج اب تک 12 ڈرونز کو تباہ کر چکی ہیں اور مختلف مقامات سے اب ان کا ملبہ جمع کیا جا رہا ہے۔‘
آئی ایس پی آر ترجمان نے بتایا کہ انڈین ڈرون پاکستان کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، اٹک، راولپنڈی، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کی جانب بھیجے گئے۔
نقصان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان فوج کے ترجمان نے کہا کہ لاہور میں ڈرون کے ذریعے ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا گیا، جس میں پاکستانی فوج کے چار جوان زخمی ہوئے ہیں اور فوجی تنصیبات کو نقصان بھی پہنچا۔
آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق میانو سندھ میں ایک شہری ہلاک ہوا جبکہ ایک زخمی ہے۔







