
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ بھارت کو اپنے کیا دھر بھگتنا ہوگا۔
وزیراعظم کا قوم سے خطاب پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر نشر کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارت نے جو جارحیت کی ہے اس کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، ہم سے کئی گنا بڑی قوت کو ہمارے آگے گھٹنے ٹیکنے میں کچھ دیر لگی اور بھارت کے پانچ جنگی طیارے تباہ ہوگئے جو ان کا غرور تھے، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا ہم نے دشمن پر جو کاری ضرب لگائی ہے وہ زخم کبھی نہیں بھرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے میں ہمارے 26 شہری شہید ہوئے، ایک بچے کا جنازہ ہم ابھی پڑھ کر آئے ہیں، اس کی عمر صرف سات سال تھی جو گھر پر موجود تھا، ہم شہدا کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، ہم عہد کرتے ہیں کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیں گے، ہم نے ثابت کیا کہ ہماری افواج منہ توڑ جواب دینا جانتی ہیں، ہم اپنی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ایل او سی پر ایک گھنٹے جاری جنگ میں پاکستانی فوجی نے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے روایتی جنگ میں ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کردی ہے میں تین مسلح افواج کے سربراہان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،میں یقین دلاتا ہوں کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو آپ پر فخر اور ناز ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ بے بنیاد ہے جس کی ہم نے تحقیقات کی پیش کش کی مگر بھارت نے اسے قبول نہیں کیا اور جارحیت کا مظاہرہ کیا، عالمی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کو حق خودارادیت دینا لازمی ہے بھارت چاہے یک طرفہ جتنے فیصلے کرلے اس سے حقیقت نہیں بدلتی۔







