
لاہورٟ محمد اخلاق اسلم ٞکھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے جن کا کہنا ہے کہ نازک گھڑی میں ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کپتان قومی کبڈی ٹیم کا کہنا تھا کہ جہاں پاک فوج کو ہماری ضرورت ہو گی ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں ،پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن معظم خان کلیئر نے کہاہے کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دے کر وطنِ عزیز کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بھارت کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں معصوم شہریوں، مساجد، اور نیلم جہلم جیسے اہم آبی منصوبوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے ردعمل میں ہماری افواج نے بے مثال طاقت، مہارت اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔صدر لاہور ریجن کرکٹر ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرانا ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرا?ت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمارے فوجی جوانوں نے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے، اور دشمن فوج نے بالآخر سفید جھنڈے لہراکر شکست تسلیم کرلی ۔ اس کارروائی نے بھارت کو یہ دوٹوک پیغام دے دیا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت ایک سرخ لکیر ہے، جسے عبور کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن یہ امن ہماری کمزوری نہیں۔ اگر دشمن نے وار کیا تو جواب دوگنا اور بھرپور دیا جائے گا۔ سیکرٹری سپورٹس مظفر خان سیال کا کہنا تھا کہ ہماری افواج فولاد سے بنی وہ دیوار ہیں جو دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائیں گی۔ ان کی شجاعت، قربانی، اور وطن کی خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم ہر پاکستانی کے دل کو فخر سے بھر دیتا ہے۔ پوری قوم اپنی ان دلیر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان نے بھارتی حملے کو شرمناک قراردیا ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے کہا ہے کہ پوری قوم بھارت کیخلاف متحد ہے، بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا ہے، پاک فوج نے بزدل دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ملکی سالمیت کے تحفظ کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان ،سابق کرکٹر کامران اکمل سمیت قومی کرکٹ کھلاڑیوں نے بھی بھارتی جارحیت پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔سٹار کرکٹرز نے بھی بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے اقدامات کو سراہا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر فخر کا اظہار کیا۔





