
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملک میں چینی سفیر کو انڈیا کے حملوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار کی چین کے سفیر جیانگ زیدونگ سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو انڈیا کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور بے گناہ جانوں کے ضیاع کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
چینی سفیر اور پاکستان کے نائب وزیراعظم نے علاقائی سلامتی کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا اور تمام متعلقہ شعبوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کے خلاف انڈیا کے فوجی آپریشن کو ’افسوسناک‘ قرار دیا تھا







