قصور میں فارم ہاؤس پر چھاپہ: ’ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے‘ پر پولیس اہلکار گرفتار
اِدھر دیکھو سامنے، اِدھر دیکھو، سامنے کرو اِسے۔‘
’اسے یونیورسل کر دو، اِدھر دیکھو، باہر کے ملکوں والے دیکھیں گے تو کیا کہیں گے ہمیں۔۔۔ وائرل، وائرل۔‘
یہ وہ الفاظ ہیں جو پاکستان میں سوشل میڈیا پر گذشتہ 24 گھنٹے سے وائرل ایک ویڈیو کے پس منظر میں سنائی دیتے ہیں۔
اس ویڈیو میں بہت سے مرد اور خواتین ملزمان کو فلمایا گیا ہے جبکہ ویڈیو ریکارڈ کرنے والے چہرہ چھپاتی خواتین کو بارہا تاکید کرتے ہیں کہ وہ اپنا چہرہ سامنے کریں یا اپنے چہرے کے سامنے سے بال ہٹائیں تاکہ ان کی شناخت ممکن ہو سکے
اس ویڈیو میں پولیس کی وردی میں ملبوس خواتین اہلکار بھی نظر آتی ہیں جو ان احکامات کو یقینی بنا رہی ہوتی ہیں کہ ہر خاتون کا چہرہ ویڈیو میں صاف نظر آئے۔
ویڈیو میں نظر آنے والے لگ بھگ ڈیڑھ درجن خواتین اور مردوں کے چہروں پر بے بسی نمایاں ہے اور اُن میں سے بیشتر، بالخصوص خواتین، پریشانی کے عالم میں چہرے چھپانے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ ان کی ویڈیو نہ بنائی جا سکے۔
نہ تو یہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی کسی شناخت پریڈ کا منظر ہے اور نہ ہی کسی پریس کانفرنس کا جس میں کسی بڑے جرم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع دی جاتی ہے اور انھیں میڈیا کے سامنے پیش کیا جاتا ہے
دراصل یہ پنجاب کے ضلع قصور کے ایک فارم ہاؤس میں ہونے والی مبینہ ڈانس پارٹی پر پڑنے والے پولیس کے چھاپے کے بعد کے مناظر ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے اس مقام پر چھاپہ اُس وقت مارا جب مرد و خواتین مبینہ طور پر اونچی آواز میں بجنے والے گانوں پر ناچ رہے تھے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے حوالے سے قصور پولیس نے پنجاب حکومت کو اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک منظم پروگرام تھا جس کے ٹکٹ سوشل میڈیا کے ذریعے سے فروخت کیے گئے تھے جبکہ حکومت پنجاب کے مطابق اس واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے بعد مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قصور پولیس میں ڈی پی او محمد عیسی خان کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں ’ملی بھگت‘ کے الزام پر تھانے کے ایس ایچ او اور پولیس سکیورٹی اہلکار دونوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ موبائل سے مذکورہ ویڈیو بنانے اور اسے وائرل کرنے کے الزام میں تفتیشی افسر اور سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے انھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وہ تسلیم کرتے ہیں کہ گرفتار ملزمان کی ویڈیو بنانا اور وائرل کرنا ’قانون کی خلاف ورزی تھی جس کے خلاف پولیس کا اپنا احتساب کا نظام حرکت میں آیا ہے اور اس پر کارروائی ہوئی ہے۔‘
’متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف پیکا ایکٹ اور پولیس سروسز رول کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کے ان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔‘







