پاکستان

رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار ہو گا

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا ملک میں پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار ہوگا۔

اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج ماہ رمضان المبارک 1446 ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس دفتر ایڈمنسٹریٹر اوقاف پشاور میں منعقد ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا حافظ عبدالغفور، مولانا یسیٰن ظفر، مفتی علی اصغر ابدالی، مفتی یوسف کشمیری، مفتی فیصل احمد، قاری عبدالرؤف مدنی، حافظ عبدالمالک بروہی، مولانا اشرف علی، مفتی قاری مہر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مولانا سردار محمد خان لغاری، مولانا اسد ذکریا قاسمی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے اراکین بھی شریک ہوئے، مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا، کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت کوئی موصول نہیں ہوئی، لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ انشا اللہ یکم رمضان المبارک 1446 ھ 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہوگی۔

قبل ازیں،  مرکزی چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، پورے پاکستان سے 19 رکنی مرکزی اور 6 زونل کمیٹی کے ممبران شریک ہوئے

جواب دیں

Back to top button