جرم کہانی

مصطفیٰ قتل کیس میں معروف اداکار کا بیٹا گرفتار، اداکار کون؟ الزام کیا؟

مقامی عدالت نے معروف پاکستانی اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر دے دیا۔

ساحر حسن کو سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم عدالت نے صرف ایک دن کا ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو مزید شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

پولیس کے مطابق، ساحر حسن کو منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، اور تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ دو سال سے پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کر رہا تھا۔ حکام نے اس کے قبضے سے 50 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ نے ساحر حسن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں الزام ہے کہ وہ بازل اور یحییٰ نامی سپلائرز سے منشیات حاصل کرکے آگے فروخت کرتا تھا۔ تاہم، مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اس کا کردار تاحال زیرِ تفتیش ہے۔

عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید تحقیقات جاری رکھنے اور آئندہ سماعت میں اضافی شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

Back to top button