فی الحال کہہ سکتے ہیں، ہمارا چیمپئنز ٹرافی کا سفر ختم ہو گیا، محمد رضوان

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہماری شارٹ سلیکشن خراب تھی، وہاں پر بھارت کو چانس ملا ، پھر ہماری مڈل آرڈر پر پریشر آیا اور اس وجہ سے شاید ہم سنبھل نہیں پائے، مزید کہنا تھا کہ فی الحال یہی کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا چیمپئنز ٹرافی کا سفر ختم ہو گیا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے میگا ایونٹ چیپمئنز ٹرافی میں ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی تھی، پوری قومی ٹیم 2 گیندیں قبل ہی 241 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ بھارت نے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں خود بھی حیران ہوں کہ ویرات کوہلی نے کس قسم کی محنت کی ہوگی کہ ساری دنیا کہتی ہے کہ وہ فارم میں نہیں ہے لیکن ایسے بڑے میچ میں آکر جس کی دنیا تعریف کرتی ہے، وہ آکر آسانی سے رنز کر دیتے ہیں اور مین آف دی میچ بنتے ہیں







