320 رنز کے تعاقب میں پاور پلے اچھا کھیلنا ہوتا ہے جو ہم نہیں کرسکے، سلمان علی آغا

قومی ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ 320 رنز کا ہدف کے تعاقب میں پاور پلے میں رنز کی بہت اہمیت ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ہمیں اچھا نہیں مل سکا۔
کراچی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کسی بھی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، جس کی ہم سے امید تھی یا جو ہمیں کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہوگا بلکہ اپنی اننگز کو مزید لمبا کرنا ہوگا، ہم 40 یا 50 رنز بنانے کے بعد لمبی اننگز نہیں کھیل پارہے، جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم آج کا میچ بھی نہیں جیت سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں دنیا کی دیگر ٹیموں کا مقابلہ کرنا ہے اور بہترین ٹیم بننا ہے تو ہمیں اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا ہوگا تاہم آگے اس چیز کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے







