مولا تو رحم کردے

فیصل رمضان اعوان
پنجاب کے اکثر علاقوں میں ان دنوں سموگ کا راج ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دوسرے روز سے شدید سموگ کی وجہ سے سورج بھی اپنی کرنیں زمین تک نہ پہنچا سکا۔ دن بھر فضائی آلودگی کی وجہ سے شہر میں حد نگاہ کافی کم ہوگئی ہے۔ گلے میں شدید تکلیف آنکھوں میں جلن اور پورے جسم پر ہلکی ہلکی سوئیاں چھبنا یہ اس آلودہ ترین سموگ کی علامات ہیں اور ہم ان تمام علامات کے ساتھ حسب معمول پہلے نمبر پر ہیں۔ دوسرے روز سے شہر کے دھواں دھار چکروں کی وجہ سے آج طبیعت میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے۔ کھانسی کے ایسے دورے پڑ رہے ہیں کہ پھیپھڑے اپنی جگہ سے ہلتے ہوئے محسوس ہورہے ہیں۔ لاہور شہر اور پنجاب کے دیگر اٹھارہ ضلعوں میں تعلیمی ادارے دس دن کے لئے بند کر دئیے گئے ہیں، ویسے موجودہ حکومت کے کسی بڑے کارنامے کی تعریف کی جائے تو وہ تعلیم کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا ہے۔ بلاشبہ ہمارا نظام تعلیم ہمیشہ سے تجربات کی زد میں رہا ہے، نجانے کیسے کیسے تعلیم دشمن پالیسی ساز پالیسیاں بناتے رہے ہیں، لیکن اب کے بار نجکاری کا تجربہ شاید آنے والے وقتوں میں سب سے خطرناک ثابت ہوگا، جو جلد ہی اپنے بھیانک انجام سے پہلے ہمیں اس کے
مضر اثرات سے آگاہ کرے گا۔ ایک واقعہ اکثر دوستوں نے سن رکھا ہوگا کہ ایک سکول کی ٹیچر بچے کو Cupکو سپ پڑھا رہی تھی تو کسی نے ٹیچر کو سمجھایا کہ Cupکپ ہوتا ہے سپ نہیں تو اس ٹیچر نے جواب دیا کہ اتنی معمولی تنخواہ میں یہ والا اصلی کپ ۔۔۔ سپ ہی پڑھایا جاسکتا ہے کپ نہیں تعجب ہے اس بگڑتے نظام تعلیم پر۔۔۔ معمولی تنخواہ پر ٹیچرز کہاں پر ذمہ داری سے پڑھائیں گے بالکل نہیں کبھی بھی نہیں سموگ کا پھیلائو یقیننا خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے معصوم بچے اس آلودگی سے بیمار پڑ سکتے ہیں ہمیں اس کا ادراک ہے لیکن خدارا سموگ پر کنٹرول کریں اس کو اتنی خطرناک حد تک نہ بڑھنے
دیں روکیں اس کو اپنی حکومتی مشینری کو اس کام پر لگائیں کچھ حد تک اس میں کمی لائی جاسکتی ہے اور مشیروں کو بھی ایک مشورہ ہے کہ اس وقت سموگ صرف اٹھارہ ضلعوں میں نہیں بلکہ پنجاب کا ایک بڑا حصہ اس کی لپیٹ میں ہے، راولپنڈی ڈویژن کے ہمارے دور دراز علاقوں تک بھی سموگ پھیل چکی ہے وہاں کے بچے بھی اسی ملک کا حصہ ہیں وہ بھی قوت مدافعت کے مطابق بچے ہی ہیں لیکن وہاں خاطر خواہ کوئی آگہی نہیں دی گئی اور نہ ہی تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے۔
آخر میں اللہ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ اے اللہ تو اس ملک پر رحم کر دے، جہاں مافیا اپنی پوری طاقت سے پنجے گاڑ چکا ہے، وہاں تیرے کمزور لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے، اس سموگ کو ختم کر دے، اس آلودہ فضا میں غریب سب سے زیادہ متاثر ہیں رحمت کی بارش عطا فرما دے۔
بارش سے یہ آلودہ فضا صاف ہو جائے گی، مولا تو رحم فرما دے۔





