سیاسیات

26ویں آئینی ترمیم کی صورت میں جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے: امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ’26آئینی ترمیم کی صورت میں پاکستان کی جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے اور ایسے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے جیسے کوئی بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔‘

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم کا بائیکاٹ کر کے اچھا کیا ہے لیکن بہت اچھا ہوتا کہ اگر وہ اس پورے عمل کا حصہ ہی نہ بنتے، اگر وہ ایسا کرتے تو حکومت کو اس طرح اپنے آپ کو پیش کرنے کا موقع نہیں ملتا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے بہت افسوس ہے کہ عدالتوں میں ویسے ہی انصاف نہیں مل رہا ہے لیکن اب اس ترمیم کے بعد انصاف کو عدالتوں میں یرغمال بنا لیا جائے گا۔‘

26ویں آئینی ترمیم سے متعلق حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ ’عدلیہ پر قبضہ جمانے کے لیے یہ کارروائی کافی دن سے جاری تھی، پارلیمانی کمیٹی اور وزیراعظم کے ہاتھ میں ججز کے تقرر کا معاملہ دینا افسوسناک ہے۔‘

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ’ہم مشاورت کر رہے ہیں کہ ہم اس آئینی ترمیم کے معاملے میں سپریم کورٹ میں کس طرح آواز اٹھا سکتے ہیں اور اس معاملے میں ہم اپنے وکلا کے ساتھ مشاروت کر کے آگے بڑھیں گے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ یہ اچھا نہیں ہوا ہے، پاکستان میں دوسرے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اس معاملے میں لوگوں کو مصروف کردیا ہے، تاکہ اصل مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹ جائے۔‘

جواب دیں

Back to top button