فلیٹ سے چار خواتین کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

پاکستان کے شہر کراچی کی رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ سے چار خواتین کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق خواتین کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں اور چاروں کا گلا بھی کاٹا گیا تھا۔
پولیس نے لاشیں ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کی مارکیٹ کی ایک رہائشی عمارت سے ملنے والی مقتولین کی عمریں تقریباً 51، 30، 19اور 13سال ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’قتل کا واقعہ رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا، چاروں لاشیں الگ الگ کمروں سے ملیں، چاروں خواتین کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔‘
ایس ایچ او ارشد علی رند نے بتایا کہ موقعے سے کوئی آلہِ قتل نہیں ملا تاہم پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
گھر کے سربراہ محمد فاروق کا کہنا تھا کہ واردات کے وقت وہ اور ان کے دونوں بیٹے گھر پر موجود نہیں تھے، گھر کی خواتین کو کس نے قتل کیا ہے اس بارے میں انھیں کسی پر شک نہیں ہے۔







